پاکستان تحریک انصاف نے جماعت کے سربراہ عمران خان کی بشریٰ بی بی کے ساتھ شادی کی باقاعدہ طور پر تصدیق کرتے کہا ہے کہ دونوں کا نکاح اتوار کی رات لاہور میں ہوا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اتوار کی رات ٹوئٹر پر عمران خان کی تیسری شادی کی تصاویر جاری کی گئیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے بشریٰ مانیکا نے ٹوئٹر پر لکھا:’اللہ کے فضل و کرم سے ہم ایک نئی زندگی شروع کر رہے ہیں۔ آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔‘
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کی جانے والی والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ مانیکا کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے نکاح کے موقع پر عمران خان کی جانب سے عون چوہدری اور ذلفی بخاری گواہان میں شامل تھے جبکہ عمران خان کے قریبی رشتہ داروں کی جانب سے کوئی شامل نہیں ہوا۔
عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی کی خبر آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ہلچل مچ گئی اور ’مبارک عمران خان‘ پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا۔
پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے ٹوئٹر پر عمران خان کو مبارک دیتے ہوئے لکھا: ’یہ ملاپ ان کی زندگی میں اور ہمارے ملک کے لیے تمام برکتیں لائے۔‘
پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکریٹیریٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے تحریری بیان میں عمران خان کی شادی کو ان کا نجی اور ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا ’اگر مس مانیکا ان کی شادی کی پیشکش کو قبول کرتی ہیں تو مسٹر خان باقاعدہ طور پر عوام کو اس سے آگاہ کریں گے تب تک ہم میڈیا سے التماس کرتے ہیں کہ وہ دونوں خاندانوں خاص طور پر بچوں کو وقت دیں۔
عمران خان کی دوسری شادی اینکر پرسن ریحام خان سے سنہ 2014 میں ہوئی تھی۔ اگرچہ یہ شادی کچھ ہی عرصہ چل سکی تاہم اس وقت بھی ابتدا میں ان کی شادی کے بارے میں خبروں کی تصدیق کرنے سے گریز کیا گیا تھا۔
عمران خان کے دوسرے نکاح کی خبریں اس وقت سامنے آئی تھیں جب پشاور پبلک سکول پر حملے کے بعد ملک میں سوگ منایا جا رہا تھا اور قوم صدمے سے گزر رہی تھی۔
عمران کی دوسری شادی کی تاریخ پر ایک عرصے تک بحث جاری رہی اور اس بارے میں متضاد دعوے کیے جاتے رہے۔ ریحام خان اور عمران خان کے درمیان علیحدگی کے وقت بھی اس طرح کی صورت دیکھنے میں آئی تھی۔

