سرحدی کشیدگی :ہند پاک کی افواج کے درمیان پھر گولہ باری

راجوری:حد متارکہ پر جاری کشیدہ صورتحال کے بیچ صوبہ جموں کے راجوری ضلعے کے 4سیکٹروں میں بیک وقت ایک مرتبہ پھر ہند پاک افواج کے درمیان آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوا جسکے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں دوبارہ خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ۔ تازہ فائرنگ اور ماٹر شلنگ میں جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ،تاہم دونوں ممالک نے حسب روایت ایکدوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ۔

اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں کے راجوری ضلعے ے نوشہرہ سیکٹر میں برصغیر کی دو ایٹمی طاقتوں کی افواج کے درمیان فائرنگ اور ماٹر شلنگ کا تبادلہ ہوا ۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے حد متارکہ پر کالال ،کالسائن ،جہانگر اور بابا کھوری سیکٹروںمیں بھارت کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی غرض سے فائرنگ اور شلنگ کی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مﺅثر جواب دیا گیا ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوری طور کسی جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حد متارکہ سے لیکر بین الاقوامی سرحد پر حالیہ آتشی گولہ باری کے سبب جموں ،کٹھوعہ ،سانبا،راجوری اور پونچھ ضلعے میں 18سے22جنوری تک 7عام شہریوں سمیت14افراد ہلاک جن میں خواتین بھی شامل ہیں اور70سے زیادہ دیگر افراد زخمی ہوئے ۔سرحدی کشیدگی کے باعث ہزاروں لوگ ترک سکونت اختیار کرنے پر مجبور ہوئے ۔لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے 5کلو میٹر حدود میں تقریباً300تعلیمی اداروں کو احتیاطی اقدامات کے تحت بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے