سرینگر؍27؍جنوری؍ انتظامیہ نے آج شہر سرینگر کے سات پولیس اسٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں امتناعی احکامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ جے کے این ایس کے مطابق مزاحمتی قیادت کی جانب سے اتوار کے روز کشمیر بندھ کی کال دینے کے بیچ انتظامیہ نے آج شہر سرینگر کے سات پولیس اسٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں امتناعی احکامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق نوہٹہ ، خانیار ، ایم آر گنج ، صفا کدل ، رعناواری ، کرالہ کھڈ اور مائسمہ پولیس اسٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں اتوار کے روز سخت ترین امتناعی احکامات نافذ رہیں گے۔ سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ امن و قانون کو بنائے رکھنے کیلئے آج بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ادھر شوپیاں اور پلوامہ میں بھی اتوار کے روز امتناعی احکامات نافذ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

