جموں :جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جنگ جیسی صورتحال پیدا ہونے کے بیچ برصغیر کی دو ایٹمی افواج کے درمیان جاری آر پار ہلاکت خیز فائرنگ اور ماٹر شلنگ کے نتیجے میں اِس پار تین شہری ہلاک ،بی ایس ایف اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ۔
صوبہ جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ہند پاک افواج کے درمیان تازہ آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوا ہے ،جس میں تین شہری ازجان اور کئی افراد زخمی ہوئے ۔تازہ آتشی گولہ باری کا تبادلہ ایسے وقت میں ہوا ،جب بی ایس اید کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) نے کل کہا تھا کہ سرحدی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے ۔
جمعرات کو ہند پاک افواج کے درمیان ہوئی آتشی گولہ باری میں آر پار تین شہری اور بی ایس ایف کا ہیڈ کانسٹیبل ہلاک ہوئے تھے جبکہ ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہوئے ۔پاکستان کا کہنا تھا دو خواتین بھارتی فوج کی فائرنگ اور ماٹر شلنگ کے نتیجے میں ازجان اور پانچ دیگر شہری زخمی ہوئے ۔بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کی فائرنگ اور ماٹر شلنگ سے 14سالہ بچی اور بی ایس ایف کا ہیڈ کانسٹیبل ازجان ہوا ۔
تفصیلات کے مطابق آر ایس پورہ میں ہی جمعہ کی صبح 6بجکر 40منٹ کے قریب ہند پاک افواج کے درمیان آتشی گولہ کا تبادلہ ہوا ۔دفاعی ترجمان کے مطابق جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فوجیوں کی طرف سے آج سویرے کی جانے والی فائرنگ میں تین شہریوں کی موت ہوگئی، اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔
ایک فوجی اہلکار نے بتایا کہ پاکستان نے جموں کے آر ایس پورہ سیکٹرمیں ارنیا علاقے آج سویرے فائرنگ کی اور سانبا کے رام گڑھ سیکٹر نیز کٹھوا کے ہری نگر سیکٹر میں بھی کئی گاو¿ں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی تک تین شہریوں کی موت اور سات لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ آر ایس پورہ میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے،جسکی وجہ سے یہاں صورتحال دھماکہ خیز بنی ہوئی ہے ۔زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ مرنے والوں کی شناخت 40سالہ کمل جیت ولد راج سنگھ ،33سالہ دویندر سنگھ ولد راج سنگھ اور30بال کرشن ولد گر چن لال ساکنان سچیت گڑھ آ ر ایس پورہ کے بطور ہوئی ۔
ترجمان نے بتایا کہ بھارتی فوج جنگ بندی کی خلاف ورزی کا بھر پور جواب دے رہی ہے ۔یا د رہے کہ بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے جموں میں کہا کہ سرحد پر جنگ جیسی صورتحال ہے اور لائن آف کنٹرول پر کمانڈروں کو پاکستان کی فائرنگ کا سخت جواب دینے کو کہا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ راجوری میں بھی آر پار آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوا ہے اور کئی افراد کے مضروب ہونے کی اطلاعات ہے ۔سرحدی علاقوں میں پانچ کلو میٹر حدود کے اندر اندر تعلیمی ادارے بند کردئے گئے ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
ادھر ملنے والی اطلاعات کے مطابق سانبا سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ سے 173بٹالین بی ایس ایف سے وابستہ بی ایس ایف اہلکار جگ پال سنگھ ہلاک ہوا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
