نئی دہلی: ڈیژل اور پیٹرول کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ سے گاڑیوں کے مالکان کو ہی نہیں بلکہ کسانوں کو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
حکومت نے 15 اکتوبر کو دونوں ایندھنوں کی قیمتیں بین الاقوامی بازارکے مطابق روزانہ کے اتارچڑھا¶ کے مطابق طے کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ہی ایندھنوں میں قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ راجدھانی دہلی میں ڈیژل کی قیمت 62 روپے فی لیٹڑ کو بھی پار کرگئی ہے ۔ آ ج اس کی قیمت 62.06 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے ۔
15 اکتوبر سے ڈیژل کی قیمت ۔5.12 روپے فی لیٹر بڑھ چکی ہے ۔ حکومت نے اس دوران ایکسائز ڈیوٹی میں تخفیف کرکے چھوٹ دینے کی کوشش بھی کی لیکن بین الاقوامی بازار میں آئے نشیب و فراز سے راحت زیادہ دن نہیں رہ پائی۔راجدھانی میں پیٹرول کی قیمت بھی 15 اکتوبر سے اب تک 3.06 روپے فی لیٹر مہنگی ہوچکی ہے ۔ ڈیژل کے داموں میں اضافہ سے کسانوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔
کسانوں کو سنچائی کے لئے اور دیگر کاموں کے لئے وافر مقدار میں ڈیژل پر انحصار کرنا پڑتا ہے ۔ ملک کے چار بڑے شہروں میں ممبئی میں ڈیژل پیٹرول کے دام سب سے زیادہ ہیں۔
یہاں ڈیژل 66.09 اور پیٹرول 79.27 روپے فی لیٹر ہے ۔ 15 اکتوبر سے اب تک ڈیژل پیٹرول کی قیمتوں میں بالترتیب 6.61 روپے اور 3.72 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے ۔ کولکتہ میں آج ڈیژل 64.72 روپے اور پیٹرول 74.11 روپے فی لیٹر ہے ۔ چنئی میں ڈیژل اور پیٹرول کی قیمت بالترتیب 65.42 اور 74.02 روپے فی لیٹر ہے ۔یو این آئی۔

