سری نگر: اقوام متحدہ نے نئے سال کی آمدکے موقعہ پر امن کی اپیل کی بجائے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کے خطرات کاذکرکرتے ہوئے خبردارکیاہے کہ تنازعات بڑھ گئے ہیں اور نئے خطرات نے جنم لے لیا ہے۔
مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق سال نو کے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ2017 کے آغاز میں امن کی اپیل کی تھی لیکن بدقسمتی سے امن کا عمل الٹا ہوگیا، لہذا 2018 کے آغاز میں امن اپیل کی بجائے دنیا بھر کیلئے ریڈ الرٹ جاری کررہا ہوں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے پیغام میں مزیدکہاکہ دنیا بھر میں قوم پرستی اور غیر ملکیوں سے نفرت میں اضافہ ہورہا ہے، عدم مساوات بڑھ رہی ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ سرد جنگ کے بعد عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے، تنازعات بڑھ گئے ہیں اور نئے خطرات نے جنم لے لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی ماحولیات میں تبدیلی ہماری سوچ سے زیادہ تیزی سے ہورہی ہے۔
اینتونیو گوتریس کاپیغام میں مزیدکہاتھاکہ ہمارے مستقبل کا انحصار یکجہتی کے راستے پر ہے، عالمی رہنما مشترکہ مقاصد کیلئے عوام کو قریب لا کر ان کا اعتماد بحال کریں اور نئے سال پر اختلافات کو دور کرنے کا عزم کریں۔انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ہم مل جل کر دنیا کو مزید محفوظ بنا سکتے ہیں۔

