سری نگر، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کی ایک تقریب کے شرکاءکو اسلام کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ تقریب پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے مقامی نوجوانوں کا خیرمقدم کرنے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں بی جے پی کے ضلع صدر بانڈی پورہ شیخ وسیم باری کو انتہائی پرجوش انداز میں ’نعرہ تکبیر ‘جبکہ شمولیت اختیار کرنے والوں کو اسی شدت میں ’اللہ اکبر‘بلند کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
وسیم باری ’نعرہ تکبیر اللہ اکبر‘ کا نعرہ بلند کرنے کے بعد ’بھارتیہ جنتا پارٹی زندہ بار، کول صاحب آگے بڑھو ہم تمہارے ساتھ ہیں، شرما جی آگے بڑھو ہم تمہارے ساتھ ہیں‘جیسے نعرے لگاتے ہوئے نظر آرہا ہے۔ بی جے پی ضلع دفتر جہاں یہ تقریب منعقد ہوئی ہے، کی دیواروں پر بی جے پی لیڈر شپ بالخصوص قومی صدر امت شاہ کی تصویریں دیکھی جاسکتی ہیں۔
تاہم کشمیر میں سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ اسلام کے حق میں نعروں سے اہلیان وادی کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ بی جے پی کے ایک لیڈر نے یو این آئی کو بتایا کہ وادی میں بی جے پی کی جڑیں بہت مضبوط ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا ’وادی میں نچلی یا گراس روٹ کی سطح پر بی جے پی بہت مضبوط ہوئی ہے۔ لوگوں کا بی جے پی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کئے گئے تعمیر و ترقی کے دور کا حصہ بن رہے ہیں ‘۔یو این آئی

