Blog

  • راجوری اور پونچھ میں متاثرین کے لواحقین کیلئے 6لاکھ روپے کے امدادی معاوضے کا اعلان

    راجوری اور پونچھ میں متاثرین کے لواحقین کیلئے 6لاکھ روپے کے امدادی معاوضے کا اعلان

    جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں بارش سے متعلقہ واقعات میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو فوری طور پر 6 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔

    وزیراعلیٰ نے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بارش سے متعلقہ دیگر واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے جانی نقصان کا ازالہ کبھی بھی کوئی مالی امداد نہیں کر سکتی، اس کے باوجود حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

    انہوں نے کہا، “اگرچہ پونچھ اور راجوری میں کل سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بارش سے متعلق دیگر واقعات کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تلافی کوئی مالی مدد نہیں کر سکتی، تاہم متاثرہ خاندانوں کی اعانت کے لیے مرنے والوں کے خاندانوں کو 6 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا فراہم کی جائے گی۔”اس امدادی پیکج میں اسٹیٹ ڈزاسٹر ریسپانس فنڈ (ایس ڈی آر ایف) سے چار لاکھ روپے اور وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ (سی ایم آر ایف) سے مزید دو لاکھ روپے شامل ہیں۔

    یہ اعلان وزیراعلیٰ کی صدارت میں اتوار کی شام منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے ۔ یہ اجلاس راجوری اور پونچھ اضلاع میں اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب اور بارش سے جڑے دیگر حادثات کے بعد طلب کیا گیا تھا، جن میں کئی لوگوں کی جانیں گئیں اور عوامی و نجی جائیدادوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد اور بحالی کو یقینی بنائیں اور اس بات پر زور دیا کہ ان تک تمام ممکنہ مدد بغیر کسی تاخیر کے پہنچنی چاہیے ۔

  • پونچھ ضلع میں تازہ لینڈ سلائیڈنگ :چار خواتین سمیت 7افراد لقمہ اجل

    پونچھ ضلع میں تازہ لینڈ سلائیڈنگ :چار خواتین سمیت 7افراد لقمہ اجل

    ضلع پونچھ کے لوران ڈملیاں علاقے میں سوموار کے روز شدید بارشوں کے باعث آنے والی تازہ لینڈ سلائیڈنگ نے ایک اور بڑا سانحہ جنم دیا، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر بڑے پیمانے پر بچاﺅ آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق مسلسل موسلا دھار بارش کے دوران اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس سے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی مچی۔

    امدادی ٹیموں نے اب تک سات افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ خطرناک صورتحال کے پیش نظر مساجد کے لاوڈڈ اسپیکروں سے اعلانات کیے گئے تاکہ لوگوں کو ممکنہ فلیش فلڈ اور مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے آگاہ کیا جا سکے۔ اعلانات کے بعد بڑی تعداد میں مقامی افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سول انتظامیہ، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور مقامی رضاکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی و بچاو¿ کارروائیاں شروع کر دیں۔ امدادی اہلکار بھاری ملبہ ہٹانے اور متاثرہ افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں، تاہم مسلسل بارش اور خراب موسم کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں نقصان کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے رہائشی علاقوں، رابطہ سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے، تاہم مکمل تفصیلات کا انتظار ہے۔

  • موجودہ حالات میں سیاست نہیں بلکہ انسانیت کو ترجیح دینی چاہیے / سنیل شرما

    موجودہ حالات میں سیاست نہیں بلکہ انسانیت کو ترجیح دینی چاہیے / سنیل شرما

    موجودہ حالات میں سیاست نہیں بلکہ انسانیت کو ترجیح دی جانی چاہیے کی بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب ختلاف اور بی جے پی کے سینئر رہنما سنیل شرما نے کہا ہے کہ اسی لیے پارٹی نے 20 جولائی کو سرینگر میں مجوزہ سیکریٹریٹ گھیراو¿ مارچ اور احتجاجی مظاہرہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما سنیل شرما نے کہا ہے کہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، ایسے وقت میں احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں کے بجائے متاثرہ عوام کی مدد کرنا ہر سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا احتجاج پیر 20 جولائی کو گھنٹہ گھر لال چوک سے شروع ہو کر سول سیکریٹریٹ تک جانا تھا، تاہم موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اسے ملتوی کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا”سیاست انتظار کر سکتی ہے، اس وقت انسانیت پہلے آنی چاہیے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے متحد ہونا چاہیے“۔سنیل شرما نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت، جموں و کشمیر یونٹ اور تمام کارکن اس سانحہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں اور پارٹی نے احتجاج کے بجائے متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • امیت شاہ کا منوج سنہا اور عمر عبد اللہ کو ٹیلی فون ، صورتحال کا لیا جائزہ

    امیت شاہ کا منوج سنہا اور عمر عبد اللہ کو ٹیلی فون ، صورتحال کا لیا جائزہ

    پونچھ اور راجوری میں موسمی قہر سمانی کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے بات کر کے جائزہ لیا اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ۔

    ذرائع کے مطابق امیت شاہ، جو اس وقت مغربی بنگال کے تین روزہ دورے پر ہیں، نے دونوں اعلیٰ عہدیداروں سے متاثرہ علاقوں کی تازہ صورتحال، ریسکیو کارروائیوں اور امدادی اقدامات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔

    انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت متاثرہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، امدادی سرگرمیوں اور بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔واضح رہے کہ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں راجوری اور پونچھ اضلاع میں کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈس آئے، جن سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

  • موسمی بدلاﺅ کے ساتھ پونچھ اور راجوری میں قیامت خیز تباہی ،11 افراد جاں بحق، 7 لاپتہ

    موسمی بدلاﺅ کے ساتھ پونچھ اور راجوری میں قیامت خیز تباہی ،11 افراد جاں بحق، 7 لاپتہ

    جموںکے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں سنیچروار اور اتوار کی درمیانی شب ہونے والی موسلادھار بارش نے شدید تباہی مچا دی۔

    مسلسل بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں اچانک سیلاب ،لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور مکانات کے منہدم ہونے کے واقعات پیش آئے، جن میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔

    درجنوں افراد زخمی ہوئے، سینکڑوں خاندان متاثر ہوئے اور سرکاری و نجی املاک کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔انتظامیہ، پولیس، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، فوج اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ خراب موسم، مسلسل بارش اور متعدد سڑکوں کی بندش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم لاپتہ افراد کی تلاش بدستور جاری ہے۔

    حکام کے مطابق ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جہاں شدید بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ انہوں نے کہا کہ متعدد گاﺅں زیر آب آ گئے، رابطہ سڑکیں بہہ گئیں اور متعدد رہائشی مکانات منہدم ہو گئے۔حکام کے مطابق سرنکوٹ کے لوئر مرہ گاو¿ں میں علی الصبح شدید بارش کے باعث پہاڑی تودہ ایک رہائشی مکان پر آ گرا۔ مکان مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گیا اور اس میں موجود آٹھ افراد دب گئے۔

  • گرمائی تعطیل میں تین دنوں کی توسیع ، اب اسکول جمعرات کو کھلیں گے / سکینہ ایتو

    گرمائی تعطیل میں تین دنوں کی توسیع ، اب اسکول جمعرات کو کھلیں گے / سکینہ ایتو

    جموں و کشمیر حکومت نے شدید گرمی اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری خراب موسم کی پیشگوئی کے پیش نظر کشمیر اور جموں صوبے کے سرمائی زون کے تمام اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات میں مزید تین دن کی توسیع کر دی ہے۔

    وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے بتایا کہ کشمیر اور جموں کے سرمائی علاقوں میں واقع تمام سرکاری و نجی اسکول اب بدھ تک بند رہیں گے، جبکہ جمعرات کے روز معمول کے مطابق دوبارہ کھلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ موجودہ شدید گرمی کی لہر اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری خراب موسم کی ایڈوائزری کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ و اساتذہ کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    وزیر تعلیم نے والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ موسم سے متعلق جاری سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی نئی اطلاع کے لیے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں۔

  • اُف یہ گرمی !سرینگر میں 35.9ڈگری سیلشس کے ساتھ گرم ترین دن درج

    اُف یہ گرمی !سرینگر میں 35.9ڈگری سیلشس کے ساتھ گرم ترین دن درج

    ماہ جولائی میں درجہ حرارت میں اضافہ کے نتیجے میں پائی جانے والی شدید گرمی کی وجہ سے اہل وادی کیلئے رات دن تکلیف دہ ثابت ہو رہے ہیں وہیں گرمی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس کی ایک کڑی کے تحت سرینگر میں سنیچروارکو بھی سخت ترین گرمی ریکارڈ کی گئی ۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں سنیچروارکو بھی دن بھر شدید گرمی کی لہر جاری رہی جس دوران درجہ حرارت 35.9ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں سنیچروارکو دن کا درجہ حرارت 53.9ڈگری ریکارڈ کیا گیاجبکہ اس کے ساتھ ساتھ قاضی گنڈ میں دن کا درجہ حرارت 32.6ڈگری ریکار ڈ کیا گیا جبکہ اس کے علاوہ کپواڑہ میں بھی دن کا درجہ حرارت 35.6ڈگری سے اوپر رہا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں بھی گرمی کی شدید لہر جاری ہے ۔

    محکمہ کے مطابق وادی کشمیر میں آئندہ چند دونوں میں موسم میں تبدیلی آنے کے امکانات ہے ۔ اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں آئندہ 24گھنٹوںمیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہونگی جس کے بعد گرمی کی لہر میں کمی ہو گی ۔اسی دوران شدت گرمی کی تپیش سے بچنے کیلئے نوجوانوں کی طرف سے ندی نالوں اور دیاﺅں کا رخ کیا جاتا ہے اور گرمی سے راحت پانے کیلئے وہ تیراکی کا بھی مزہ لیں رہے ہیں ۔

  • لیفٹنٹ گورنر کے ہاتھوں سرینگر میں چنار بک فیسٹیول کے تیسری ایڈیشن کا افتتاح

    لیفٹنٹ گورنر کے ہاتھوں سرینگر میں چنار بک فیسٹیول کے تیسری ایڈیشن کا افتتاح

    جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر میں منعقدہ چنار بک فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کی اور نیشنل بک ٹرسٹ سمیت تمام منتظمین کو اس کامیاب اور قابلِ ستائش ادبی تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

    اس موقع پر اپنے خطاب میں لیفٹنٹ گورنر نے کہا ”یہ فیسٹیول محض ایک تقریب نہیں بلکہ قارئین، مصنفین اور دانشوروں کی ایک متحرک برادری تشکیل دینے کی ایک تحریک ہے۔ ہمارا مقصد جموں و کشمیر کو علم، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کا قومی مرکز بنانا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ بک فیسٹیول نوجوانوں کو روزانہ مطالعہ کرنے، معدوم ہوتی زبانوں کے تحفظ اور ادب کے ذریعے تنوع کو سمجھنے اور اس کا احترام کرنے کی ترغیب دے گاُُ۔

    انہوں نے کہا کہ کتابیں زندہ مکالموں کی مانند ہوتی ہیں، جو انسان کو گہرائی سے سوچنے، سوال اٹھانے، اپنے نظریات پر غور کرنے اور مسلسل ترقی کی جانب راغب کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریر کی طاقت کا کوئی نعم البدل نہیں، اور جب اس کے ساتھ مضبوط تخیل شامل ہو جائے تو یہ ایک ایسی دائمی قوت بن جاتی ہے جو نسلوں تک اثر انداز رہتی ہے۔ ان کے مطابق ایک کامیاب بک فیسٹیول ایسا سازگار ماحول فراہم کرتا ہے جہاں ادب ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی، متاثر کن اور بامعنی بن جاتا ہے۔

    لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ چنار بک فیسٹیول نے بہت ہی مختصر عرصے میں جموں و کشمیر میں خیالات اور فکری سرگرمیوں کی ایک منفرد تحریک کی شکل اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے مصنفین اور مفکرین کو روشن چراغوں اور کھلے ہوئے گلابوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح چنار کا درخت صبر، حسن اور استقامت کی علامت ہے، اسی طرح ادیب اور ان کی تخلیقات بھی انسانی تہذیب کی رہنمائی کا مستقل ذریعہ بنتی ہیں۔

  • امرناتھ یاترا : جموں سے 3632 یاتریوں پر مشتمل تاز ہ قافلہ وادی روانہ

    امرناتھ یاترا : جموں سے 3632 یاتریوں پر مشتمل تاز ہ قافلہ وادی روانہ

    کڑے حفاظتی انتظامات کے بیچ سالانہ امرناتھ یاترا جاری ہے ۔

    سنیچروار کی صبح بم بم بولے کے نعرو ں کی گونج کے ساتھ جموں بیس کیمپ سے 3632یاتریوں پر مشتمل تازہ جتھا وادی کی جانب روانہ ہو گیا۔ حکام کے مطابق سالانہ امرناتھ یاترا 2026 کے سلسلے میں سنیچروار کی صبح جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس بیس کیمپ سے 3632یاتریوں پر مشتمل ایک تازہ قافلہ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان وادی کشمیر کیلئے روانہ کیا گیا۔

    حکام کے مطابق یہ قافلہ 148 چھوٹی اور بڑی گاڑیوں پر مشتمل تھا۔ یاتریوں میں سے 1008یاتری بالتال روٹ جبکہ 2,624 یاتری روایتی پہلگام روٹ کے ذریعے امرناتھ گھپا کی یاترا کیلئے روانہ ہوئے۔حکام نے بتایا کہ یاتریوں کی محفوظ، پ±رامن اور منظم آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے سول انتظامیہ، جموں و کشمیر پولیس، سیکورٹی فورسز اور امرناتھ شرائن بورڈ کی جانب سے کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ قافلے کو سخت سیکورٹی حصار میں جموں سے روانہ کیا گیا تاکہ یاترا بلا کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔

  • اسکولوں میں گرمائی تعطیل میں توسیع کا حمتی فیصلہ کل لیا جائے گا / سکینہ ایتو

    اسکولوں میں گرمائی تعطیل میں توسیع کا حمتی فیصلہ کل لیا جائے گا / سکینہ ایتو

    جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ وادی کشمیر اور جموں صوبے کے سرمائی علاقوں میں اسکولوں کی موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کے حوالے سے حکومت اتوار کو حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ موسمی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور اسی بنیاد پر اسکول دوبارہ کھولنے یا تعطیلات میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    وزیر تعلیم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات کا ابھی ایک دن باقی ہے اور حکومت محکمہ موسمیات کی تازہ رپورٹوں کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔

    انہوں نے کہا”تعطیلات میں ابھی ایک دن باقی ہے۔ ہم موسمی حالات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور حکومت بہت جلد اس بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی کہ تعطیلات میں توسیع کی جائے یا اسکول مقررہ وقت پر کھولے جائیں“۔