میڈیکل کالج اننت ناگ معاملہ: انکوائری جاری، ڈاکٹر معطل ، قصور واروں کو سزا ہو گی / سکینہ ایتو

By
2 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

گورئمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ معاملے کے بعد حکومت نے ڈاکٹر کو معطل کرکے اعلان کیا کہ حقائق سامنے لانے کیلئے مکمل انکوائری جاری ہے اور جو کوئی بھی ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف کارورائی ہو گی

صحت و طبی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے اس کی تصدیق کی کہ گورئمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کے شعبہ کارڈیالوجی میں مبینہ بے ضابطگیوں اور دھوکہ دہی کے الزامات کی تحقیقات پہلے ہی شروع کی جا چکی ہیں، جبکہ متعلقہ ڈاکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ صحت و طبی تعلیم اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے اور حقائق سامنے لانے کے لیے مکمل انکوائری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا مناسب نہیں ہوگا۔

سکینہ ایتو نے کہا”محکمہ نے پہلے ہی انکوائری شروع کر دی ہے اور متعلقہ ڈاکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اب ہم رپورٹ کے منتظر ہیں، جس کے بعد قانون اور قواعد کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی“۔

وزیر نے واضح کیا کہ حکومت صحت کے شعبے میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی بھی فرد کی غفلت یا بدعنوانی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گورئمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کے شعبہ کارڈیالوجی سے متعلق سامنے آنے والے الزامات نے عوامی سطح پر تشویش پیدا کی ہے، جس کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انکوائری کے نتائج کی روشنی میں مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔

Share This Article