نئی دہلی،:: اپنے 26 سیکنڈ کی ویڈیو کلپ کے ذریعے چرچا میں آئی ملیالم اداکارہ پریا پرکاش واریئر کی درخواست پر سپریم کورٹ کل سماعت کرے گا۔
پریا نے فلم ‘ارو اُدار لو’ کے گانے ‘مانكيہ ملرائے پووی ‘ کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی اعلیٰ عدالت سے درخواست کی ہے۔
پریا کی جانب سے وکیل ہریش بيرن نے چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی بنچ کے سامنے کیس خاص طور سے ذکر کیا اور فوری سماعت کی درخواست کی۔
جسٹس مشرا نے ان کی دلیلیں سننے کے بعد کیس کی سماعت کے لئے کل(بدھ) کی تاریخ مقرر کی۔ انہوں نے کہا’’ہم اس معاملہ کی سماعت کل کریں گے‘‘۔
فلم کے اس نغمے کو لے کر حیدرآباد کے تاجر ظہیر علی خان، انجینئرنگ کے طالب علم مقیت خان اور کچھ دوسرے لوگوں نے حیدرآباد کے فلک نما پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ نغمے کی دھن میں جس طرح پیغمبر محمد کی اہلیہ کا ذکر کیا گیا ہے، وہ قابل اعتراض ہے۔اس گانے سے مسلم فرقہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، اس پر پابندی عائد کی جانی چاہئے۔
قابل ذکر ہے کہ پریا ‘مانكيہ ملرائے پووی’ گانے کی 26 سیکنڈ کی کلپ کی وجہ سے انٹرنیٹ پر سنسنی بن گئی تھیں۔ اس میں وہ اپنے کوا سٹار کو آنکھوں سے زخمی کرتی نظر آئی تھیں۔ اسی وجہ سے ان کو راتوں رات شہرت مل گئی۔ اس گانے کی وجہ سے ہی پریا کو بالی وڈ سے بھی فلم کی پیشکش آنے شروع ہو گئے ہیں۔انہوں نے انٹرنیٹ سرچ کے معاملہ میں کئی بڑی اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ پریا بی کام سال اول کی طالبہ ہے۔

