پنچایتی انتخابات :حکومت تمام سیاسی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلے گی:ویری

 تمام سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ اس معاملے پر تفصیل سے تبادلہ خیال جائیگا
جموں /29 جنوریریاستی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ حکومت پنچایتی انتخابات کے حوالے سے تمام سیاسی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلے گی ۔مال او رپارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے آج ایوان کو جانکاری دی کہ ریاست میں پنچایتی انتخابات منعقد کرانے کے معاملے پر آج یہاں کابینہ میٹنگ کے دوران تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ ریاست میں پنچایتی انتخابات منعقد کرانے کے بارے میں حتمی اعلان سے پہلے دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر ایک کل جماعتی میٹنگ منعقد کریں گے تاکہ تمام سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ اس معاملے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جاسکے۔واضح رہے کہ جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست میں پنچایتی انتخاب کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی عوام نے ہمیشہ گولیوں کے بجائے ووٹ پرچیوں کو ترجیح دی ہے۔محترمہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ جموں وکشمیر میں پنچایتی انتخابات15 فروری2018 سے شروع ہوں گے۔ریاست کے لوگوں نے ہمیشہ گولیوں کے بجائے ووٹ پرچیوں کو ترجیح دی ہے اور آگے بھی دیتے رہیں گے‘۔وزیر اعلیٰ کا یہ ٹویٹ ریاستی گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کے بعد سامنے آیاتھا۔ ایک سرکاری پریس بیان میں کہا تھا گیا’محترمہ مفتی نے قریب آدھے گھنٹے تک گورنر ووہرا سے میٹنگ کی۔ اس دوران وزیرا علیٰ نے گورنر کو کچھ دن پہلے کابینہ کی طرف سے لئے گئے فیصلوں اور15فروری2018سے پنچایتی انتخابات منعقد کرانے کے حکومت کے فیصلے سے آگاہ کیا‘۔ ریاست میں پنچایتی انتخابات سال2011 میں 37 برس کے طویل عرصے کے بعد منعقد کئے گئے تھے۔ عمر عبداللہ کی قیادت والی سابق نیشنل کانفرنس کانگریس مخلوط حکومت میں ہونے والے ان پنچایتی انتخابات کے دوران4098 سرپنچ اور29 ہزار 402 پنچ منتخب قرار پائے تھے۔
Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے