سری نگر، 17جنوری (یو ا ین آئی) وادی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی برف باری ہوئی ہے۔ تازہ برف باری کے پیش نظر سرحدی قصبہ ٹنگڈار اور دوسرے دور دراز علاقوں کو ضلع کپواڑہ کے ساتھ جوڑنے والے سادھنا ٹاپ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’تازہ برف باری کے باعث سادھنا ٹاپ پر پھسلن پیدا ہوئی ہے۔ اس کے پیش نظر اسے بدھ کی صبح گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کیا گیا‘۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر اور خطہ لداخ کے بیشتر مقامات پر گذشتہ رات منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کے میدانی علاقوں میں دھوپ چھاو¿ں کا سلسلہ بدھ کو دن بھر جاری رہا۔ ریاست میں خطہ لداخ کا سرحدی قصبہ کرگل اور لیہہ بدستور سرد ترین مقامات بنی ہوئی ہیں جہاں گذشتہ کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 19 ڈگری اور منفی 13 اعشاریہ 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ ’بحیریہ عرب سے اٹھنے والی ہواو¿ں کا اثر خطہ میں موجود ہے۔ تاہم یہ ہوائیں انتہائی بلند ہونے کے علاوہ کمزور بھی ہیں۔ جہاں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی میں کہیں کہیں بارشیں ہونے کا امکان ہے، وہیں جمعہ کے روز سے موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا‘۔ جنوری کے مہینے میں موسم مسلسل خشک رہنے کے بارے میں پوچھے جانے پر ترجمان نے بتایا ’یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ماضی میں بھی ایسی موسمی صورتحال دیکھی گئی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ آنے والے مہینوں میں اچھی خاصی برف باری ہوگی‘۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے بیشتر بالائی علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تازہ برف باری ہوئی ہے۔ شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کے بعد سادھنا ٹاپ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کیا گیا ہے۔ سادھنا ٹاپ پر 7 جنوری کو برفانی تودا گرنے کا ہلاکت خیز واقعہ پیش آیا تھا جس میں 11 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ کپواڑہ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ہلکی برف باری ہوئی ہے۔ گلمرگ سے ایک ہوٹل مالک نے یو این آئی کو فون پر بتایا ’یہاں بدھ کی علی الصبح ہلکی برف باری ہوئی‘۔ انہوں نے بتایا کہ اوپری بلندیوں کھلن مرگ اور افروٹ میں بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے۔ گلمرگ جہاں گذشتہ دو مہینوں کے دوران سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 8 ڈگری ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم پہلگام میں تازہ برف باری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پہلگام کے بالائی علاقوں بشمول امرناتھ گھپا اور اس سے ملحقہ علاقوں پنج ترنی، مہا گنس، پسو ٹاپ اور شیش ناگ میں گذشتہ رات تازہ برف باری ہوئی ہے۔ جنوبی کشمیر میں گیٹ وے آف کشمیر کہلائے جانے والے قاضی گنڈ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر جہاں بدھ کو دھوپ چھاو¿ں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

