سرینگر17جنوریپنجورہ شوپیاں میں فورسز اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے کئی منٹوں تک ہوائی فائرنگ کی ۔ مقامی لوگوں کے مطابق فورسز اہلکاراوں نے پنجورہ گاﺅ ں پر دھاوا بولتے ہوئے رہائشی مکانوں ، گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی جس کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرئے کئے تاہم فورسز اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی ۔ ایس ایس پی شوپیاں کے مطابق فورسز اہلکاروں نے پنجورہ شوپیاں میں خشت بار ی کرنے والے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوا میں کئی راونڈ فائر کئے ۔ ایس ایس پی کے مطابق گاﺅں میں اب حالات معمول پر ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق پنجورہ شوپیاں میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز اہلکاروں نے کئی منٹوں تک ہوا ئی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لوگ اپنے گھروںمیں سہم کر رہ گئے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق پنجورہ شوپیاں میں صبح سویرے فورسز اہلکار نمودار ہوئے اور رہائشی مکانوںمیں گھس کر شیشے چکنا چور کئے جبکہ درجنوں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا ۔ مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ فورسز زیادتیوں کے خلاف لوگوں نے پُر امن طورپر احتجاج کیا ۔دفاعی ذرائع کے مطابق پنجورہ شوپیاں کے قریب سماج دشمن عناصر نے 44آر آر اہلکاروں پر پتھراو کیا جس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات حقیقت سے بعید ہے۔ ایس ایس پی شوپیاں ایس اے دنکار کے مطابق پنجورہ شوپیاں کے قریب فوجی گاڑیوں پر نوجوانوں نے پتھراو کیا جس دوران فورسز اہلکاروں نے تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے ہوا میں گولیوں کے کئی راونڈ فائر کئے جس کے بعد حالات معمول پر آئے ۔ ایس ایس پی کے مطابق پُر تشدد مظاہروں کے دوران کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔

