سری نگر: ریاستی اساتذہ سے متعلق آرمی چیف کے بیان پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے وزیرتعلیم سیدمحمدالطاف بخاری نے واضح کردیاکہ فوج کوتعلیمی شعبے میں مداخلت کے بجائے اپنے کام سے کام رکھناچاہئے ۔آرمی چیف کے بیان پرناپسندیدگی کااظہارکرتے ہوئے وزیرتعلیم نے کہاکہ ہرکوئی شعبہ تعلیم کے بارے میں بیان دیتاپھررہاہے جوکہ قابل قبول نہیں ہے۔
خیال رہے جمعہ کے روزفوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے کہاتھاکہ جموں وکشمیر کے تعلیمی اداروں میں مکمل ہندوستان کے بجائے طالبعلموں کو جموں وکشمیر کا نقشہ الگ سے دکھایاجاتاہے جس کے نتیجے میں ریاستی طالب علموں کے ذہن میں غلط باتیں بٹھائی جارہی ہیں۔
ریاستی سرکارنے ریاستی اسکولوں میں تعینات ٹیچروں سے متعلق فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے بیان پرسخت ردعمل ظاہرکیا۔ریاست کے وزیرتعلیم اورحکمران جماعت پی ڈی پی کے سینئرلیڈرسیدالطاف بخاری نے ایس پی ہائراسکنڈری اسکول سرینگرمیں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پرنامہ نگاروں کے سوالات کاجواب دیتے ہوئے آرمی چیف کے بیان پرردعمل ظاہرکیا۔انہوں نے کہاکہ فوج کوتعلیمی شعبے میں مداخلت سے بازرہناچاہئے ۔الطاف بخاری کاکہناتھا’’فوج کواپنے کام سے کام رکھناچاہئے اورریاست کے تعلیمی سیکٹرمیں مداخلت نہیں کرنی چاہئے‘‘۔آرمی چیف کے بیان پرناپسندیدگی کااظہارکرتے ہوئے وزیرتعلیم نے نامہ نگاروں کوبتایاکہ ہرکوئی شعبہ تعلیم کے بارے میں بیان دیتاپھررہاہے جوکہ قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ حتیٰ کہ ایسے لوگ بھی شعبہ تعلیم کے بارے میں تبصرہ کرتے ہیں جن کااس شعبے سے کوئی لینادیناہی نہیں ۔وزیرتعلیم نے واضح کیاکہ یہ محکمہ تعلیم کے حکام اورپالیسی سازوں کاکام ہے کہ وہ اس شعبے میں بہتری لانے کیلئے کیاکچھ کرتے ہیں ۔انہوں نے کسی کانام لئے بغیرکہاکہ جولوگ ہمارے تعلیمی شعبے پرسوال اُٹھاتے ہیں ،اورہمیں ،مشورے دیتے پھررہے ہیں،شایدوہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام نہیں دے رہے ہیں ،اوریہی ہماری مشکلات کی وجہ ہوسکتی ہے۔
خیال رہے جمعہ کے روزفوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نینئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست جموں وکشمیر میں مدرسین طالبعلموں کو جموں وکشمیر کا نقشہ الگ سے دکھاکر غلط رجحان پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے اسکولوں میں مدرسین جو کچھ پڑھارہے ہیں وہ نہیں پڑھایاجاناچاہیے۔ انہوں نے مزید کہاتھاکہ جموں وکشمیر کے اسکولوں میں دونقشے دیکھے جاسکتے ہیں ایک پورے ملک اور دوسرا ریاست جموں وکشمیر کا۔
