سری نگر، 12جنوری (یو ا ین آئی) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول کے اوڑی سیکٹر میں جمعہ کی علی الصبح ہند پاک افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔ادھرکمل کوٹ میں دو روز قبل بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجے میں فوج کی8 راشٹریہ رائفلز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیاہے۔تفصیلات کے مطابق ہند پاک افواج کے درمیان اوڑی سیکٹر میں گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ دفاعی ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کی طرف سے جمعہ کی علی الصبح قریب چار بجے اوڑی سیکٹر کے کمل کوٹ علاقہ میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال اور شدید فائرنگ کی گئی‘۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے جوابی فائرنگ کی اور طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ قریب آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا ’گولہ باری کے اس واقعہ میں بھارتی حدود میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سرحد کی دوسرے طرف ہوئے نقصان کی بھی کوئی فوری اطلاع نہیں ہے‘۔ دریں اثنا کمل کوٹ میں دو روز قبل بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجے میں فوج کی8 راشٹریہ رائفلز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیاہے۔ زخمی اہلکار کی شناخت کلدیپ سنگھ کے بطور کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمی فوجی اہلکار کو پہلے اوڑی اسپتال اور بعدازاں سری نگر میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
