بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان،کامیابی کا تناسب 61.44فیصد

Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

سرینگر:سٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے جمعرات کو بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کیا جن کے مطابق لڑکیوں نے ایک بار پھر لڑکوں کے مقابلے میں کامیاب امیدواروں کی زیادہ شرح کے ساتھ بازی مارلی ہے۔سرینگر اور سوپور کے دو نجی اسکولوں کے 3امیدواروں نے سائنس میں پہلی تین ،پائین شہر کے گورنمنٹ گرلز ہائر اسکینڈری اسکول نوا کدل کی تین طالبات نے کامرس میں مشترکہ طور پہلی جبکہ بارہمولہ کی ایک طالبہ نے آرٹس میں پہلی پوزیشن پر قبضہ کرلیا۔اس دوران پانچ سال قبل تہاڑ جیل میں تختہ دار پر لٹکائے گئے محمد افضل گورو کے بیٹے غالب گورو دسویں کے بعد بارہویں جماعت کے امتحان میںبھی ڈسٹنکشن کے ساتھ کامیاب قرار پایا ہے۔

اکتوبر نومبر2017 میں منعقد ہونے والے بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج بغیر کسی پیشگی اعلان کے جمعرات کو اچانک ظاہر کئے گئے۔جونہی صبح سویرے نتائج افشاءہونے کی خبر پھیل گئی تو اُمیدواروں کے ساتھ ساتھ والدین کی بھاری تعداد سرگرم ہوگئی اور جب تک بورڈ کی جانب سے ریزلٹ گیزٹ منظر عام پر لائے گئے ،تب تک اکثر اُمیدواروں نے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے نتائج حاصل کرلئے تھے۔

اس بار بارہویں کے امتحانات میں مجموعی طور پر55163 اُمیدوار شامل ہوئے تھے جن میں سے33893کو کامیاب قرار دیا گیا اور اس طرح کامیاب ہونے والے اُمیدواروں کی شرح 61.44فیصدرہی۔ 17230امیدواروں کا ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ 4040 امیدواروں کوکچھ مضامین کادوبارہ امتحان دینا ہوگا۔امتحان میں شامل ہوئے لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں نے مجموعی طور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ امتحان پاس کرنے والی لڑکیوں کی شرح64.31فیصدرہی جبکہ لڑکوں کے حوالے سے یہ شرح58.92فیصدریکارڈ کی گئی ۔امتحان میں مجموعی طور حصہ لینے والے55163امیدواروں میں29331لڑکے اور25823لڑکیاں شامل تھیں۔ان میں سے16612لڑکیوں اور17281لڑکوں نے یہ امتحان پاس کرلیا ہے۔2522لڑکے ناکام ہوئے ہیں اور 9528کو کچھ مضامین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اسی طرح 1518لڑکیاں مکمل طور فیل قرار پائی ہیں جبکہ7702لڑکیوں کے کھاتے میں ری ایپئرآیا ہے۔کے ایم ا ین کے مطابق برن ہال ہائر اسکینڈری اسکول سرینگر کے مہتشم رفیقی نے500میں سے494یعنی98.8فیصد نمبرات حاصل کرکے سائنس اسٹریم میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے ۔اسی اسکول کے فہیم رشید نے491(98.2فیصد) نمبرات کے ساتھ دوسری جبکہ ایس آر ایم ویلکین ہائر اسکینڈری اسکول سوپور کی صبیہ سعید نے 490یعنی98فیصد مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی ہے۔ادھر کشمیرمیڈیا نیٹ ورک سٹی رپورٹر کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائر اسکینڈری اسکول کی تابش نور، سحرش نفیض اور زائرہ بشیر نے کامرس اسٹریم میں مشترکہ طور پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ان تینوں طالبات کو500میںسے485 یعنی97فیصدنمبرات ملے ہیں ۔ادھر گورنمنٹ گرلز ہائر اسیکنڈری اسکول بارہمولہ میں زیر تعلیم دُردانہ مسعودی نے 487یعنی97.7فیصد نمبرات کے ساتھ آرٹس اسٹریم میں پہلا مقام حاصل کرکے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔دریں اثناءشمالی کشمیر کے سوپور سے تعلق رکھنے والے محمد افضل گورو کے فرزند غالب گورو نے بارہویں جماعت کا امتحان ڈسٹنکشن کے ساتھ پاس کیا ہے۔

محمد افضل گورو کو پارلیمنٹ حملے کے الزام میں9فروری2013کو دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی پر لٹکانے کے بعد جیل کے احاطے میں ہی شپرد خاک کیا گیا۔غالب نے دسویں کے امتحان میں بھی ڈسٹنکشن کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی اور بارہویں میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے500میں سے441نمبرات حاصل کئے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے