شبانہ یخ بستہ ہواﺅں کی شدت میں متواتر اضافہ

Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

سرینگر: شبانہ یخ بستہ ہواﺅں کی شدت میں متواتر اضافے کے بیچ منگل اور بدھ کی درمیانی رات سرینگر میں منفی6.2 ڈگری سیلشیس درجہ حرارت کے ساتھ رواں موسم کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جس کے نتیجے میں جھیل ڈل اور دیگر آبی ذخائر کے کناروں کے ساتھ ساتھ پانی کے نل بھی منجمد ہوگئے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے اور رات کے دوران درجہ حرارت میں مزید کمی کاامکان ہے۔

وادی کے شمال و جنوب میں دن میں دھوپ جبکہ راتوں میں سردی کی لہر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔گزشتہ کچھ دنوں سے اگر چہ دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم رات کا درجہ حرارت بدستورکم ہورہا ہے جس کے نتیجے میں رات کے دوران اہل وادی کو شدید سردیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9اور10جنوری کی درمیانی رات ریاست کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں رواں موسم سرما کی سرد رات ثابت ہوئی۔سرینگر میں محکمہ موسمیات کے ایک آفیسرنے بتایا کہ اس شب کے دوران سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا اور اس میں گزشتہ شب کے مقابلے میں کمی واقع ہوئی ۔ یہ مسلسل چوتھی رات تھی جب شہر میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے6ڈگری نیچے ریکارڈ کیا گیا۔

سخت سردیوں کے باعث جھیل ڈل اور دیگر آبی ذخائر کے کناروں والے حصے منجمد ہوئے جبکہ دیگر آبی ذخائر کے ساتھ ساتھ ایسی سڑکوں پر بھی اسی طرح کی صورتحال دیکھنے کو ملی جن پر پانی جمع رہتا ہے۔کئی جگہوں پر گھروں میں لگے پانی کے نل جم جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو پینے کا پانی حاصل کرنے میں سخت دقعتوں کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات لداخ کا کرگل قصبہ وادی کا سرد ترین علاقہ رہا جہاں اس رات کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی23.6 رہا۔

لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 17.4ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیاجو گزشتہ چار برس کے دوران قصبے میں درج کیا گیا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔اس سے پہلے12جنوری2014کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی18.9درج کیا گیا تھا۔ اس دوران شمالی کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی8.6ڈگری سیلشیس اور جنوبی کشمیر کے پہلگام میں منفی7.6ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔

دونوں جگہوں پر رات کے کم سے کم درجہ حرارت میںمزید گراﺅٹ آئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق قاضی گنڈمیں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4ڈگری سلیشیس ، کوکرناگ میں منفی 2.9 اورکپوارہ میں منفی5.4ڈگری سلیشیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے قریب ایک ہفتے تک وادی میںرات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ہے کیونکہ ان دنوں مطلع عمومی طور پر صاف رہے گا۔

محکمہ نے کہا ہے کہ17جنوری تک وادی میں کسی بھی جگہ بارشوں یا برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے اور وادی کے ساتھ ساتھ لداخ میں بھی دوران شب آسمان صاف رہے گاجس کے نتیجے میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ21دسمبر 2017سے وادی میں سخت ترین سردیوں پر مشتمل چلہ کلان کا آغاز ہواجو40دنوں تک جاری رہے گا ۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے