شوکت ساحل
جموں :ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ریاست جموں وکشمیر میں 10ہزار160سڑک حادثات میں ایک ہزار749افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سال 2016اور2017میں ٹنل کے آر 547افراد نے خود کشی کرکے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا ۔ریاستی حکومت نے یہ اعداد وشمار ایوان ِ اسمبلی میں الگ الگ سوالات کے تحریری جوابات میں ظاہر کئے ۔
ریاست جموں وکشمیر میں سڑک حادثات میں انسانی جانوں کے اتلاف نے تشویشناک رُخ اختیا ر کیا ہے جبکہ خود کشی کا بڑھتا رُجحان بھی قابل تشویش ہے ۔اس سلسلے میں ریاستی حکومت کے اعداد وشمار بھی چونکانے والے ہیں ۔
ریاست کی خاتون وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ایوان اسمبلی میں ایک تحریری سوال کے جواب میں کہا کہ سال 2016اور2017میں ریاست جموں وکشمیر میں 10ہزار160سڑک حادثات میں ایک ہزار749افراد جاں بحق ہوئے۔انہوں نے یہ اعداد وشمار ممبر اسمبلی عید گاہ مبارک گل کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ظاہر کئے ۔
ممبر اسمبلی کے تحریری سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سال 2016میں ریاست بھر میں رونما ہوئے5ہزار501سڑک حادثات میں 958افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سال2017میں ریاست میں 4ہزار659سڑک حادثات میں 791افراد ازجان ہوئے ۔
ریاست کی خاتون وزیر اعلیٰ نے ممبر اسمبلی عید گاہ مبارک گل کے ایک اور سوال کے جواب میں ریاست میں خود کشیوں کے واقعات کے حوالے سے بھی اعداد وشمار ظاہر کئے ۔انہوں نے ممبر اسمبلی کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ریاست جموں وکشمیر میں گزشتہ دو برسوں کے دوران 547افراد نے خود کشی کرکے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا ۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2016میں 272افراد نے خود کشی کی جبکہ سال2017میں 275افراد نے خود کشی کی ۔

