سرینگر:دلی میں جموں کشمیر کے رجسٹریشن نمبر والی سی آر پی ایف کی ایکSUVگاڑی چوری ہونے کے بعد تمام ریاستوں بالخصوص وادی کشمیر میں سیکورٹی ایجنسیوں کے نام ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔خفیہ ایجنسیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چرائی گئی گاڑی کو فورسز پرخود کش یا فدائین حملے کےلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں نامعلوم افراد نے دلی میں سی آر پی ایف کے ایک کیمپ کے باہر کھڑی ایس یو وی گاڑی اڑالی جس پر جموں کشمیر کی رجسٹریشن کا نمبر پلیٹ لگا ہوا ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ گاڑی چرانے میں تین افراد شامل تھے جو گاڑی کو کسی نامعلوم مقام کی طرف لے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ گاڑی پر ”POLICE“ کا اسٹیکر بھی چسپاں ہے۔معلوم ہوا ہے کہ اس واقعہ کے تناظر میں حفاظتی ایجنسیوں نے خاص طور پر وادی کشمیر میں تعینات فورسزکے نام ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں نے اس سلسلے میں تمام ریاستوں خاص طور پر شمالی بھارت کی ریاستوں کی پولیس اور دیگر حفاظتی اداروں کو بھی خبردار کیا ہے۔سیکورٹی ایجنسیوں کو خدشہ ہے کہ چرائی گئی سی آر پی ایف کی گاڑی کو کسی سیکورٹی تنصیب پر فدائین حملے یا اسی طرح کی کسی دوسری کارروائی کےلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس ضمن میں جو الرٹ جاری کیا گیا ہے ، اس میں خفیہ ایجنسیوں کو موصولہ اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ گاڑی یوم جمہوریہ کے موقعے پر جنگجو حملے میں استعمال کی جاسکتی ہے۔
خفیہ ایجنسیوں نے پہلے ہی یہ وارننگ جاری کی ہے کہ جنگجو بارود سے بھری گاڑی سے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناسکتے ہیں۔کے ایم ا ین کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سی آر پی ایف نے اس واقعہ کے بعد اپنی سطح پر الرٹ جاری کرتے ہوئے جموں کشمیر اور شمالی بھارت میں تعینات تمام یونٹوں کو مزید چوکنا رہنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔
سی آر پی ایف کے نئی دلی میں قائم ہیڈکوارٹر نے اپنی تمام یونٹوں کے نام تحریری حکمنامے میں کہا ہے”کسی بھی عدم شناخت گاڑی کوباضابطہ شناخت اور چیکنگ کے بغیر کسی کیمپ کے اندر جانے کی اجازت نہ دی جائے “۔فورس نے تمام یونٹ کمانڈروں کو ہدایت دی ہے کہ الرٹ کی تفصیلات زمینی سطح پر تعینات آخری اہلکار تک پہنچائی جائے تاکہ دلی سے چرائی گئی گاڑی کے غلط استعمال کو قبل از وقت روکا جاسکے۔
سی آر پی ایف نے ملک بھر میں اپنے کیمپوں کی باہری اور اندرونی سیکورٹی کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ اونتی پورہ میں حال ہی میں ہوئے فدائین حملے کے تناظر میں تازہ الرٹ کو انتہائی سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔اس حملے میں سی آر پی ایف کے5اہلکار اور3جنگجو ہلاک ہوئے تھے۔ ایجنسیز

