سرینگر:پلوامہ میں منگل کی شب اُس وقت سنسنی اور خوف و ہراس پھیل گیا جب پولیس اسٹیشن کے نزدیک گولیاںچلنے کا سلسلہ قریب دس منٹ تک جاری رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تھانے کے ایک سنتری نے مشکوک نقل و حرکت دیکھنے کے بعد ہوا میں گولیاں چلائیں۔
منگل کی رات قریب10بجکر45منٹ پر پلوامہ قصبہ اچانک گولیوں کی گھن گرج سے گونج اُٹھا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فائرنگ پولیس اسٹیشن پلوامہ کے نزدیک اچانک شروع ہوئی جس کے نتیجے میں وہ اپنے گھروں میں سہم کر رہ گئے اور پورے علاقے میں خوف و دہشت پھیل گئی۔فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے قریب دس منٹ تک جاری رہا جس کے بعد فوج کی55آر آر، ایس او جی اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی بڑی تعداد نے تھانے کے متصل ملک پورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی انجام دی، تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ابتدائی طور پر پولیس اسٹیشن پر جنگجوﺅں کے حملے کی اطلاع موصول ہوئی ۔
تاہم ایس ایس پی پلوامہ محمد اسلم چودھری نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن کی محافظت پر مامور ایک پولیس اہلکار کو تھانے کے نزدیک مشکوک نقل و حرکت یا کسی کی پرچھائی نظر آئی ۔انہوں نے کہا کہ اہلکار نے اسی صورتحال کے پیش نظر دفاع میں ہوا میں گولیوں کے چند راﺅنڈ فائر کئے۔ بدھ کی صبح کافی دیر تک صورتحال پر تناﺅ رہی اور دکانداروں نے تاخیر سے اپنی دکانیں کھولیں۔

