جموں:عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے سربراہ اور شمالی کشمیر کے حلقہ انتخاب لنگیٹ سے آزاد ممبر اسمبلی انجینئر شیخ عبدالرشید نے منگل کی صبح یہاں ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل اسمبلی کمپلیکس کے باہر دھرنا دیکر احتجاج کیا۔وہ کشمیر کے آرپار رائے شماری کرانے کا مطالبہ کررہے تھے۔
انہوں نے اپنے ہاتھوں میں ایک بینر اٹھا رکھا تھا جس پر ’حق خودارادیت ۔ واحد راستہ‘ کا نعرہ تحریر تھا۔ اس بینر پر کشمیر میں تشدد آمیز واقعات کے دوران ہلاک ہونے والے بعض کشمیری نوجوانوں اور خواتین کی تصویریں دیکھی جاسکتی تھیں۔ اپنی شعلہ بیانی کے لئے مشہور انجینئر رشید نے اس موقع پر ’آر پار رائے شماری، سب نعروں پر ایک ہی بھاری، حق ہمارا رائے شماری‘ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے اس موقع پر موجود نامہ نگاروں کو بتایا کہ کشمیری ہندوستان کے دشمن نہیں ہیں لیکن وہ چاہتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے ’رائے شماری کے وعدے‘ کو پورا کرے۔
انجینئر رشید نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی حیثیت ایک ربر اسٹیمپ سے زیادہ کچھ بھی نہیں رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا ’ہم ہندوستان کے دشمن نہیں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سرحد کے دونوں طرف ایل او سی کو ختم کیا جائے ، ہوسکتا ہے کہ کشمیر کے لوگ ہندوستان کے ساتھ ہی رہنا چاہتے ہوں۔ اس کے لئے رائے شماری کی جائے۔ اس سے بھارت کا اٹوٹ انگ کا خواب بھی پورا ہوگا۔ ہماری نریندر مودی سے یہی گذارش ہے کہ آپ نے اس اسمبلی کی وقعت کو کم کردیا ہے اور محبوبہ مفتی صاحبہ کی حیثیت ایک ربر اسٹیمپ سے زیادہ کچھ بھی نہیں رہ گئی ہے‘۔
انجینئر رشید نے کہا کہ اگر سچ بولنا علیحدگی پسند ہونے کی نشانی ہے تو انہیں اپنے علیحدگی پسند ہونے پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا ’میں ملک کے آئین کے خلاف نہیں ہوں۔ میں صرف یہی کہتا ہوں کہ انڈیا کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے پورا کرے۔ اگر سچ بولنا علیحدگی پسند ہونے کی نشانی ہے، تو مجھے علیحدگی پسند ہونے پر فخر ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ کشمیر انڈیا کا اٹوٹ انگ ہے نہ پاکستان کی شہ رگ ہے۔ نئی دہلی ہمیشہ موقعہ پرست رہی ہے کیونکہ انہوں نے رائے شماری کا اپنا وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔ ہم پاکستانی کے کٹھ پتلی نہیں ہیں‘۔

