شوپیان: لیتھ پورہ اونتی پورہ میں واقع سی آر پی ایف کے تربیتی سینٹر میںفدائین حملے کے بعد منگلوار کو فوج وفورسز نے شوپیان کے ایک درجن دیہات میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن عمل میں لایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج وفورسز نے منگلوار کی صبح شوپیان کے کچ ڈورہ ،چھاکو ،بٹہ پور ،ابہا تو ،بدر ،لنڈورہ ،گھر ہند ،بمن ،ٹانگری کول ،منتری بک اور حرمین کا محاصرہ کیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ فوج وفورسز نے یہاں جنگجو مخالف آپریشن عمل میں لایا ،جس دوران جنگجوﺅں کو ڈھونڈ نکالنے کےلئے فورسز نے گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔فو ج وفورسز نے یہ کارروائی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد عمل میں لائی ۔فوج وفورسز کو اطلاع ملی تھی کہ ،شوپیان کے اِن دیہات میں جنگجو کا ایک گروہ موجود ہے ۔
آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ جاری تھا ،تاہم اس دوران جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔لیتھ پورہ اونتی پورہ میں واقع سی آر پی ایف کے تربیتی سینٹر پر ہوئے فدائین حملے میں 3فدائین جنگجو اور 5فورسز اہلکار ازجان ہوئے تھے ۔جیش محمد عسکری تنظیم نے اِس حملے کی ذمہ دار لی تھی ۔

