پلوامہ : جنوبی ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال کے کئی علاقوں میں جمعرات کو مسلسل تیسرے روز بھی جیش کمانڈر نور ترالی کی یاد میں تعزیتی ہڑتال رہی ۔اس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جنگجو کمانڈر کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی۔
سانبورہ پانپور معرکے میں جاں بحق ہوئے جیش کمانڈر نور ترالی کی یاد میں جمعرات کو مسلسلس تیسرے روز ترال اور آری پل علاقوںمیں تعزیتی ہڑتال رہی ۔ جنگجوکمانڈرکی یاد میں جمعرات کو ترال قصبہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں دکانیں ، کاروباری ادارے اورسرکاری و نجی دفاتر تالہ بند رہنے سے سڑکیں سنسان پڑی رہیں اور گاڑیاں بھی سڑکوں پرنظر نہیں آئیں ۔
اس دوران خاص طور پر نور ترالی کے آبائی علاقہ ڈار گنائی گنڈ آری پل میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کےلئے سخت سیکورٹی بندوبست کے تحت متعدد مقامات پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی خاصی تعداد تعینات کی گئی تھی ، البتہ لوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔
صبح سویرے سے ہی جاں بحق ہوئے جنگجو کمانڈر کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کےلئے آنے والے لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا جس دوران نور ترالی کے آبائی گھر پر دعائیہ مجالس کا اہتمام بھی کیا گیا۔ آس پاس کے علاقوں سے بھی لوگوں کی بھاری تعدادجنگجو کمانڈر کے آبائی گھر پہنچی۔

