جموں:جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر پاکستانی فائرنگ سے ایک افسر سمیت 4 فوجی اہلکارازجان ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ’پاکستانی فوجیوں نے ہفتہ کو دوپہر کے وقت راجوری کے بمبر گلی سیکٹر کے چنگس علاقہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں پر شدید فائرنگ کا آغاز کیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ میں شدید طور پر زخمی ہونے والے فوجی افسر موہرکر پرافولا امباداس، لانس نائیک گرمیل سنگھ اور سپاہی پرگت سنگھ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’دو زخمی فوجیوں کو ائرلفٹ کرکے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں لانس نائیک گرمیت سنگھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ 32 سالہ میجر موہرکر پروفولا امباداس مہاراشٹر کے بھنڈارا ضلع کا رہنے والا ہے اور اس کے پسماندگان میں اس کی بیوی اوولی موہرکر ہے۔ 34 سالہ لانس نائیک گرمیل سنگھ کا تعلق پنجاب کے ضلع امرتسر سے ہے اور اس کے پسماندگان میں بیوی کلجیت کور اور ایک بیٹی ہے۔ 30 سالہ سپاہی پرگت سنگھ کا تعلق ہریانہ کے کرنل ضلع سے ہے اور اس کے پسماندگان میں بیوی رمن پریت کور اور ایک بیٹی ہے۔
دفاعی ترجمان نے بتایا ’مہلوک فوجی بہادر اور مخلص تھے۔ قوم ان کی عظیم قربانی اور ڈیوٹی کے تئیں لگن کو ہمیشہ یاد رکھے گا‘۔ انہوں نے مزید بتایا ’ہماری فوج نے سرحد پار پاکستان کی فائرنگ کا موثر جواب دیا ہے۔ ہمارے فوجیوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی‘۔ یو این آئی
