سرینگرجنگجوﺅں نے چوبیس گھنٹے کے عرصے میں دوسری بار ضلع پولیس لائنز پلوامہ پر رائفل گرینیڈداغا جس کے بعد حفاظتی اہلکاروں کی ہوائی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بدھ کی شب سوا7بجے کے قریب مسلح افراد نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنگجوﺅں نے پولیس لائنز کو نشانہ بناتے ہوئے ایک رائفل گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر پولیس لائنز کے باہر ہی گر گیا اور زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔اس واقعہ میں اگر چہ کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا،تاہم پولیس لائنز کی محافظت پر مامور اہلکاروں نے جوابی کارروائی کے بطور ہوا میں گولیوں کے متعدد راﺅنڈ فائر کئے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے دھماکے کے بعدپولیس لائنز اور اس کے متصل55آر آر کیمپ سے چیخ و پکار کی آوازیں سنیں۔انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ اور شوروغل کے باعث علاقے میں خوف و دہشت پھیل گئی اور لوگ اپنے گھروں میں سہم کر رہ گئے۔واقعہ کے بعد پولیس اور فورسز نے نزدیکی علاقوں کو گھیرے میں لیکر سخت ناکہ بندی کی جو رات بھر جاری رہا، تاہم پولیس کو حملہ آوروں کا کوئی سراغ نہیں ملا ۔کے ایم ا ین نمائندے نے بتایا کہ یہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع پولیس لائنز پلوامہ پر دوسرا رائفل گرینیڈ حملہ تھا۔منگل کی شام بھی جنگجوﺅں نے پولیس لائنز کی طرف ایک رائفل گرینیڈ داغا جو اگر چہ اس کے احاطے کے اندر گر کر پھٹ گیا، تاہم اس میں بھی کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔قابل ذکر ہے کہ 26اگست کو فدائین جنگجوﺅں نے پولیس لائنز پلوامہ پر حملہ کیا تھا جس میں پولیس اور فورسز کے8اہلکار مارے گئے تھے۔اس حملے میں بھی تین جنگجوﺅں نے حصہ لیا جو جوابی کارروائی کے دوران ہلاک ہوگئے۔(کے ایم این )

