سرینگر//پولیس نے سوشل میڈیا پر چلائی جارہی اس خبر کی تردید کی ہے کہ کولگام کا ایک طالب علم حال ہی میں حزب المجاہدین میں شامل ہوا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایسی بے بنیاد خبروں کی ترسیل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے ہفتے کی صبح ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس اطلاع کو بے بنیاد قرار دیا کہ کولگام سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے عسکریت کا راستہ اختیار کیا ہے۔اس خبر کی ترسیل سوشل میڈیا پر کی گئی تھی۔پولیس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہلال احمد وانی عرف معاز ولد محمد اکرم وانی ساکن ماچھوہ کولگام 14جولائی2015کو حزب المجاہدین میں شامل ہوا تھا۔پولیس کے مطابق بارہویں جماعت پاس کرنے کے بعد ہلال جموں میں فزیو تھراپی کورس کررہا تھا جو اس نے ادھورا چھوڑا اور عسکری راستہ اختیار کیا۔پولیس کے مطابق اس بارے میں افواہیں پھیلانے والوں کے بارے میں سنجیدہ نوٹس لیا گیا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

