سرینگر/06دسمبر/کے پی ایس/ سرحدی ضلع بانڈی پورہ کے اجس علاقے میں بدھ کی رات دیر گئے اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب نا معلوم مسلح افراد نے پولیس کانسٹبل کے گھر میں داخل ہو کر اس کے بھائی کو اغوا کر لیا ۔کے پی ایس کو پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بدھوار کی شام دیر گئے مسلح افراد کا ایک گروپ فاروق احمد خان ساکنہ چیون گجر پتی اجس بانڈی پورہ کے گھر میں داخل ہوئے جہاں سے انہوں نے فاروق احمد جس کو حال ہی میں ایس پی او سے کانسٹبل کی ترقی ملی ہے کے بھائی 22سالہ مدثر خان ولد منا خان کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق واقعہ کے فورا بعد پولیس و فورسز کی بھاری جمعیت نے علاقے میں نمودار ہو کر مسلح افراد کی تلاش شروع کر دی جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلح افراد فاروق احمد خان کو تلاش کر رہے تھے تاہم اس کو گھر میں نہ پاکر انہوں نے اس کے بھائی کو اپنے ساتھ اغوا کر کے لیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح افراد کی بڑے پیمانے پر تلاش شرو ع کر دی گئی ہے ۔

