گاندربل // گاندربل میں ایک سڑک حادثے کے دوران شدید زخمی ہونے والا نیشنل کانفرنس کے ایک سینئر لیڈر کا ذاتی محافظ(پی ایس او) بدھ کوصورہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ 42سالہ محمد اسلم پختون(بیلٹ نمبر246) ساکن وانی آرم وانگت کنگن نامی پی ایس او گزشتہ روز اُس وقت بری طرح سے مضروب ہوا جب اولڈ پاﺅر ہاﺅس کنال گاندربل کے نزدیک اس کی کار قابو سے باہر ہوگئی اور سڑک کے کنارے سے لڑھک کر اُلٹ گئی۔اسے فوری طور پر صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر میں داخل کرایا گیا جہاں رات بھر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ بدھ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی جنگ ہار گیا۔کے ایم ا ین نمائندے کے مطابق مذکورہ اہلکار آئی آر پی14بٹالین سے وابستہ تھا اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈرو ایم ایل اے خانیار علی محمد ساگر کے ساتھ بطور پی ایس او تعینات تھا۔جس وقت اس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، اُس وقت وہ ڈیوٹی کی طرف جارہا تھا۔ علی محمد ساگر اپنے کئی ساتھیوں سمیت محمد اسلم کے آبائی گھر گئے اور ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرنے کے علاوہ نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا ہے اور مزید چھان بین جاری ہے۔

