شہر کے کئی علاقوں میں صورت حال ابتر ،کئی علاقوں میںلوگوں کا سڑکوں پر دھرنا
سرینگر 07جنوری : وادی کے شمال وجنوب کے ساتھ ساتھ شہر سرینگر سمیت کے مختلف حصوں میں بجلی کی ناقص فراہمی اور لوڈشیڈنگ پر لوگوں میں غم وغصے کی لہر میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر احتجاجی دھرنا بھی دیا اور مانگ کی کہ اس صورتحال پر فوراََ قابو پایا جائے ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر کے شما ل و جنوب کے ساتھ ساتھ سرینگر کے درجنوں علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے ۔لوگوں کے مطابق وہ لیٹج بھی نہ ہونے کے برابر ہے ۔اسی طرح کے خیالات شہر سرینگر کے درجنوں نشیبی علاقوںمیں رہائش پذیر لوگ ظاہر کر رہے ہیں ۔شہر خاص کے بیشتر حصوں میں بجلی کی ناقص فراہمی پر لوگوں میں ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ادھر ضلع بانڈی پورہ میں بھی بجلی کی صورت حال ابتر بتائی جارہی ہے ۔چنانچہ اس سلسلے میں لوگوں کا صبر جواب دینے لگا ہے ۔حاجن کے سینکڑوں لوگوں نے بجلی محکمے اور سرکار کے خلاف ناراضگی ظاہر کرنے کیلئے سڑکوں پر احتجاجی دھرنا دیا ۔لوگوں نے بتایا کہ بجلی کی آنکھ مچولی ان کیلئے باعث مصیبت بن گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کبھی کبھی دو دو دن بعد بجلی اپنا چہرہ دکھاتی ہے ۔سی این آئی سے بات کرتے ہوئے ایک شہری بلال احمد نے بتایا کہ بجلی کی ناقص فراہمی اس قدر مقامی لوگوں کیلئے درد سر ہے کہ شام کے بعد لوگ گھروں میں سہم کے رہ جاتے ہیں جبکہ طلبہ کا قیمتی وقت بھی ضائع ہورہا ہے جو صحیح ڈھنگ سے پڑھائی نہیں کر پا رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے حکام کو تین دن کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ وہ بجلی کی فراہمی یقینی بنائے ورنہ پوری بستی سڑکوں کا رخ اختیار کرے گی ۔دریں اثناء وادی کے دوسرے حصوں میں بھی بجلی کی صورتحال ابتر بتائی جارہی ہے ۔قاضی گنڈ ،بڈگام ،پلوامہ اور دوسرے کئی مقامات پر حالیہ کئی ہفتوں کے دوران کئی مرتبہ لوگوں نے حکام کے خلاف احتجاج کرکے اپنی ناراضگی کا بھر پور مظاہرہ کیا ۔

