نیشنل کانفرنس کا ہنگامی اجلاس، برفباری سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ

By
3 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

عوام کو راحت پہنچانے کیلئے بروقت اور کارگر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور

سرینگر/05جنوری: نیشنل کانفرنس نے حکومت اور انتظامیہ سے تازہ برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے بروقت اور کارگر اقدامات اُٹھانے کی اپیل کی ہے۔سی این آئی کو موصولہ بیان کے مطابق پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے دونوں صوبوں کی ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ برفباری کے نتیجے میں منقطع ہوئے علاقوں اور دیہات کے ساتھ سڑک روابط بحال کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں اور ساتھ ہی شہر سرینگر اور وادی کے دیگر نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں۔ انہوں نے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر عوام کی راحت رسانی کے اقدامات کی نگرانی کریں۔ اور سرحدی علاقوں میں متعلقہ انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں اور ساتھ ہی ان علاقوں میں غذائی اجناس اور ادویات کا وافر سٹاک پہنچایا جائے۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ جنگی بنیادوں ایسے علاقوں میں بجلی کی مکمل سپلائی بحال کریں جہاں برفباری سے ترسیلی لائینوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے ، جس سے عوام کا عبور و مرور مشکل بن گیا ہے۔ دریں اثناء نیشنل کانفرنس کے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک ہنگامی میٹنگ کا انعقاد جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی صدارت میں منعقد ہوئی ، جس میں برفباری سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی اور ساتھ حکومت کی طرف سے اُٹھائے جارہے اقدامات کی بھی سام لی گئی۔ جنرل سکریٹری نے نیشنل کانفرنس کے ضلع صدور اور دیگر عہدیداران کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے زمینی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ضلع صدور مقامات کو چھوڑ کر کسی بھی ضلع میں ابھی تک سڑک روابط بحال نہیں ہوسکے ہیں اور نہ ہی بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی بحال کی گئی ہے۔ انہوں نے ڈویژنل اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ لوگوں کی راحت کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائیں جائیں۔جنرل سکریٹری نے پارٹی سے عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں رہ کر لوگوں کی خدمت میں پیش پیش رہیں۔ اجلاس میں صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، ضلع صدر اسلام آباد الطاف احمد کلو، نائب صدر وسطی زون منظور احمد وانی، ضلع صدر بڈگام حاجی عبدالاحد ڈار، سید عبدالرشید، عبدالکبیر پٹھان اور غلام نبی اڈگامی کے علاوہ کئی عہدیداران موجود تھے۔

Share This Article