صارفین اور مسافروں کو زبردست مشکلات ،انتظامیہ کے خلاف شدید غم و غصہ
سرینگر/16دسمبر: جنوبی ضلع پلوامہ میں جنگجوئوں اور عام شہری ہلاکتوں کے بعد وادی کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال کے بعد انتظامیہ نے مسلسل دوسرے روز اتوار کو جہاں بارہمولہ سے بانہال تک ریل سروس کو معطل کر دی گئی وہیں سرینگر اور جنوبی کشمیر میں مسلسل انٹرنیٹ خدمات بند رہنے سے لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے۔ سی این آئی کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ کے سرنو علاقے میں خونین معرکہ آرائی میں تین مقامی جنگجو جاں بحق ہو گئے جبکہ فورسز اور مظاہرین کے درمیان پُر تشدد جھڑپوں کے دوران عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد وادی کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال کے بعد ریلوئے حکام نے مسافروں کی جان و مال کی حفاظت اور سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بارہمولہ کو بانہال سے جوڑنے والے ریل سروس بھی بطور احتیاط بند کر دی۔ریلوئے کے ایک آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی طرف سے حکم نامہ ملنے اور سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ریل سروس کو اتوار کے روز دوسرے روز بھی معطل کر دیا گیا ۔اسی دوران جھڑپ میں جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کی خبر پھیلتے ہی شہر سرینگر اور جنوبی کشمیر میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی گئی جو اتوارکو بھی مسلسل بند رہنے کے نتیجے میں صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور انہیں کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔

