سرینگر؍16 دسمبر: سرنو پلوامہ میں فورسز کی فائرنگ میں زخمی نوجوان کی حالت صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں نازک بنی ہوئی ہے۔ صدر اسپتال سرینگر میں رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ جے کے این ایس کے مطابق سرنو پلوامہ میں فورسز کی جانب سے نہتے شہریوں پر فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت اب بھی اسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ جہانگیر احمد ساکنہ سرنو پلوامہ جو کہ پیشے کے لحاظ سے ایک آٹو ڈرائیور ہے کے پیٹ میں تین گولیاں پیوست ہوئی ہے اور اُس کی حالت اب بھی نازک بنی ہوئی ہے۔20سالہ آٹو ڈرائیور کی بہن نے روتے ہوئے بتایا کہ میرا بھائی صبح سویرے کام کے سلسلے میں نکلا تاہم فورسز اہلکاروں نے اُس کو گولیوں سے بوندھ کر رکھ دیا۔ اسپتال میں زیر علاج ایک اور زخمی جس کی شناخت گلزار احمد ساکنہ کریم آباد کے بطور ہوئی کے کاندھے میں گولی پیوست ہوئی ہے۔ صدر اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں کل ملا کر پانچ زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے تین کو گولی لگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دو نوجوانوں کی آنکھوں میں پلیٹ چھرے پیوست ہوئے ہیں اور اُن کی بینائی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

