میرواعظ عمر فاروق شب قدر کی فضیلت ، اہمیت اور سعادت پر روشنی ڈالیں گے
سرینگر:۹،جون: / متحدہ مجلس علماء نے اعلان کیا ہے کہ26 رمضان المبارک کو شب قدر کے سلسلے میں مرکزی جامع مسجد سرینگر رات 10 بجے نماز عشاء ادا ہوگی جبکہ حسب معمول میرواعظ عمر فاروق شب قدر کی فضیلت ، اہمیت اور سعادت پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالیں گے۔کے این این کو موصولہ بیان کے مطابق متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مجالس وعظ و تبلیغ کا سلسلہ برابر جاری ہے اور لوگ رمضان المبارک کی فضیلت ، اہمیت اور مختلف دینی اور دنیاوی علوم کے حوالے سے انکی معرکتہ الآرا تقاریر سے برابرمستفید ہو رہے ہیں اور اپنے ایمان و یقین کو تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک کے حقوق ادا کرنے کی حتی المقدور کوششیں کررہے ہیں۔ چنانچہ مجالس وعظ و تبلیغ کے سلسلے میں میرواعظ 25 رمضان المبارک بروز اتوار شیخ العالم مسجد احمد نگر میں نماز عصر سے قبل ایک بھاری دینی اجتماع سے خطاب کریں گے جبکہ26 رمضان المبارک کو شب قدر کے سلسلے میں مرکزی جامع مسجد سرینگر میں سب سے بڑا اور روح پرور اجتماع منعقد ہوگا ۔ رات 10 بجے نماز عشاء کے بعد حسب معمول میرواعظ شب قدر کی فضیلت ، اہمیت اور سعادت پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالیں گے جبکہ میرواعظ ملت اسلامیہ کی سربلندی اور وطن عزیز کے جملہ مصائب و مشکلات کے خاتمے اور خوشحالی و آزادی کیلئے اجتماعی دعاؤں کی پیشوائی کریں گے۔مجالس وعظ و تبلیغ کے سلسلے میں میرواعظ 28 رمضان المبارک بروزبدھوار نماز عصر سے قبل کانل مسجد مہاراج گنج میں ایک دینی اجتماع سے خطاب کریں گے ۔ عوام الناس سے ان بابرکت مجالس میں شرکت کو یقینی بنانے کی پُر خلوص گذارش کی جاتی ہے۔

