مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ اورپلیٹ چھروں کا استعمال
https://www.facebook.com/TameelIrshaad/videos/2184066448298665/
سرینگر؍28 دسمبر ؍ جے کے این ایس؍ نماز جمعہ کے بعد شہر خاص کے نوہٹہ،پلوامہ اور اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ سیکورٹی فورسز نے تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ پلیٹ چھروں کا بھی استعمال کیا۔ جے کے این ایس کے مطابق تاریخی جامع مسجد نوہٹہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے ساتھ ہی نوجوانوں کی کثیر تعداد نے ذاکر موسیٰ نعروں کے بیچ احتجاجی جلوس نکالنے کی کوشش کی تاہم نوہٹہ چوک میں پہلے سے تعینات سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کیں تھیں۔ نمائندے کے مطابق مظاہرین نے سیکورٹی فورسز پر پتھراو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ پلیٹ چھروں کا بھی استعمال کیا گیا۔ نمائندے کے مطابق مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان کافی دیر تک تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں جامع مسجد میں کاروباری ادارے ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ کئی نوجوانوں کو پلیٹ لگے اور انہیں خون میں لت پت محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تاریخی جامع مسجد نوہٹہ میں نماز جمعہ کے بعد شر پسند عناصر نے پتھراو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے ہلکا لاٹھی چارج کیا گیا جس کے بعد حالات دوبارہ معمول پر آئے۔ ادھر اننت ناگ میں بھی نماز جمعہ کے بعد سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ نمائندے کے مطابق مظاہرین اونتی پورہ میں جاں بحق جنگجو کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے۔ دریں اثنا پلوامہ میں نماز جمعہ کے بعد لوگوں کی کثیر تعداد نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے جس دوران فورسز اور مظاہرین کے درمیان آمنا سامنا ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے یہاں پر بھی ٹیر گیس شلنگ کی جس کی وجہ سے قصبہ میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے پر مجبور ہوئے۔

