جنوبی کشمیر ایک بار پھر لہو لہو!!،کولگام میں فورسز کی فائرنگ

By
6 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

کمسن بچی سمیت3عام شہری جاں بحق ،متعدد زخمی
عام شہریوں کے جلوسِ جنازہ میں ہزاروں شریک ،جنگجو بھی نمودار ہوئے
وادی بھر میں غم وغصہ کی لہر ،کولگام ،اننت ناگ،شوپیان اور پلوامہ میں موبائیل انٹر نیٹ خد مات ٹھپ

سری نگر:٧،جولائی :کے این این/ جنوبی ضلع کولگام کے مضافاتی گائوں ہاوئورہ میں فورسز کی فائرنگ سے16سالہ کمسن بچی سمیت3عام شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جن میں سے2کو تشویشناک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ۔واقعہ کے بعد پور ے ضلعے میں کشیدگی کی لہر دوڑ گئی جبکہ امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع کولگام ،اننت ناگ ،پلوامہ اور شوپیان میں موبائیل انٹر نیٹ خد مات معطل کی گئیں ۔ادھر عام شہریوں کے جلوس ِ جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جبکہ جنگجوئوں بھی نمودار ہوئے ،جنہوں نے ہوائی فائرنگ کیلئے جاں بحق شہریوں کو خراج پیش کیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق جنو بی کشمیر میں اُس وقت ہفتہ کو صورتحال انتہائی کشیدہ اور پُر تنائو ہوئی جب ہائوورہ کولگام نامی گائوں میں فورسز اہلکاروں نے احتجاجی مظاہرین پر بندوقوں کے دھانے کھولے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج وفورسز اہلکاروں نے ہفتہ کو مذکورہ گائوں میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کرنے کیلئے گائوں کا محاصرہ کیا ،جس دوران یہاں عوامی مزاہمت ہوئی ۔ذرائع نے بتایا کہ فوج وفورسز کو گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی کہ اور جب گائوں کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی گئی ،تو لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر صدائے احتجاج بلند کی ۔اس دوران فورسز اہلکاروں نے بندو قوں کے دھانے کھولے اور مظاہرین پر راست فائرنگ کی ۔فائرنگ کے نتیجے میں 5افراد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے ،جنہیں فوری طور پر علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی طبی مرکز لیجا یا گیا ،جہاں شاکر احمد کھانڈے ولد محمد حسین،ارشاد احمد ولد عبدالمجید اور عندلیب دختر علی محمد کو مردہ قرار دیا گیا۔تینوں کی عمر،باالترتیب،22،20اور16معلوم ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق کم از کم دیگر پانچ افراد زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے5زخمیوں کو ضلع اسپتال اننت ناگ پہنچایا گیا ،جہاں سے یاسر احمد ڈار اور جاوید احمد لون سرینگر منتقل کیا گیا ۔یہ واقعہ حزب کمانڈر برہان وانی کی دوسری برسی سے ایک دن قبل پیش آیا ہے۔حزب المجاہدین کے نامور کمانڈر برہان وانی کو اپنے دو ساتھیوں سمیت 8جولائی 2016کو جنوبی کشمیر کے بمہ ڈورو کوکرناگ میں ایک مختصر جھڑپ کے دوران جاں بحق کیا گیا تھا اور اس واقعہ کے خلاف وادی میں مہینوں تک ایک خونین عوامی تحریک چلی تھی جسے کچلنے کیلئے سرکاری فورسز نے قریب ایک سو افراد،بشمول بچوں کے،کو جاں بحق اور ہزاروں کو زخمی کردیا تھا۔برہان وانی کی دوسری برسی کے موقعہ پر گورنر انتظامیہ نے انکے آبائی علاقہ ترال میں کرفیو نافذ کردیا ہے جبکہ وادی کے باقی علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ وادی میں ہفتہ کو آسیہ اندرابی،فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو این آئی اے کے ذریعے دلی منتقل کئے جانے کے خلاف ہڑتال کی گئی۔تینوں نظربند خواتین کو ایجنسی کے جمعہ کو چْپ چاپ دلی منتقل کیا تھا جہاں ان سے پہلے سے درج ایک معاملے میں پوچھ تاچھ کی جانے والی ہے۔این آئی اے نے اس سے قبل کئی مزاحمتی قائدین اور کارکنوں کو اسی طرح دلی منتقل کرکے مہینوں کو ’’تفتیش‘‘کے بعد تہار جیل میں بند کرایا ہوا ہے۔کولگام میں تازہ شہری ہلاکت کے واقعہ پر وادی بھر میں غم وغصے کی لہر دوڑ جبکہ جنوبی کشمیر ضلع کولگام سمیت کئی دیگر اضلاع میں صورتھال انتہائی کشیدہ اور پُر تنائو بنی ہوئی ہے ۔انتظامیہ نے جنوبی کشمیر میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے۔ تاہم اطلاعات کے مطابق کولگام اور اسکے آس پاس کے علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں۔ادھر جاں بحق عام شہریوں کی آخری رسومات ہفتہ کو ہی انجام دی گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق شہریوں کے جلوس ِ جنازہ میں ہزاروں لوگوں کی شرکت کی ۔تینوں جاں بحق شہریوں کی نماز جنازہ آبائی گائوں ہائوورہ کولگام میں انجام دی گئی اور اس میں شرکت کیلئے کئی دیہات سے لوگ یہاں پہنچ گئے ۔معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق شہریوں کے جلوس ِ جنازہ میں 5سے7جنگجوئوں کا ایک گروپ بھی نمودار ہوا ،جنہوں نے ہوائی فائرنگ کرکے جاں بحق شہریوں کو اپنے انداز میں خراج پیش کیا ۔بعد میں ہجوم کے بیچ جنگجو وہاں چلے گئے ،تاہم اس دوران یہاں آزادی اور اسلام کے حق میں جبکہ بھارت مخالف فلک شگاف نعرے لگے ۔

Share This Article