مرکزی وزیر داخلہ کا دورہ کپوارہ ،سلامتی صورتحال کا لیا جائزہ

روزگار کیلئے پولیس وفورسز میں اسامیاں پیدا کی گئیں ،سرحدی نوجوانوں کیلئے60 فیصدریزرویشن ہوگا،دورہ کشمیر مکمل

کپوارہ:۸،جون: / سرحدی ضلع کپوارہ کا دورہ کرنے کے ساتھ ہی کشمیردورے کوسمیٹتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ عوامی نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال ہونے کے بعدفیصلہ لیا جائیگا کہ آیا سیز فائرمیں توسیع ہونے چاہئے یانہیں ۔کئی وفود سے ملاقات کرنے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ نے 2 سرحدی فورسز بٹایلین، ریاستی پولیس میں 2ہزار ایس پی اوز،2 خواتین پولیس بٹالین کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے مرکزی حکومت وعدہ بند ہے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ نے دوروزہ دورہ ریاست کے دوران جمعہ کو سرحدی ضلع کپوارہ کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔انہوں نے ڈاک بنگلہ کپوارہ کئی عوامی وفود سے بھی ملاقات کی ۔جمعہ کی صبح مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ،وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سمیت دیگر افسران کے ہمراہ سید ھے ڈاک بنگلہ کپوارہ پہنچے ،جہاں انہوں نے کئی عوامی وفود سے ملاقات کی ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ ضلع کپوارہ میں گزشتہ دنوں سرحد پرہونے والی گولہ باری اور جنگجویانہ کاروائیوں کا جائزہ بھی لیا۔اس دورانڈال بنگلو میں میڈیا نمائندوں کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ دورے کے پیش نظر ضلع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھاری تعداد میں سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا۔ عوامی وفود سے ملاقات کرنے اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کئی اہم اعلانات بھی کئے ۔انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو روزگار سے ہمکنار کرنے کیلئے اسا میاں پیدا کی گئیں جنہیں ترجیح بنیادوں پر پُر کیا جائیگا ۔انہوں نے اعلان کیا کہ 2 سرحدی سکیورٹی فورسز بٹایلین، ریاستی پولیس میں 2 ہزار ایس پی اوز،2 خواتین پولیس بٹالین کی منظوری دے دی گئی ۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست میں ریزرو پولیس فورس کی 5 بٹالین قائم کی جائیں گی، جن میں سرحدی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کے لیے 60 فیصد ریزرویشن ہوگا۔ راج ناتھ نے بتایا کہ ضلع میں ایک نرسنگ کالج کو منظوری دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے جبکہ ضلع کپوارہ کے کرناہ علاقے کیلئے سادھنا کے مقام پر ایک ٹنل تعمیر کرنے کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیز فائر میں توسیع کا فیصلہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد لیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوامی نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی آنے والے دنوں میں اس حوالے سے فیصلہ لیا جائیگا ۔دورہ کپوارہ کے ساتھ راج ناتھ سنگھ نے اپنا دورہ کشمیر مکمل کیا اور وہ جموں روانہ ہوئے ۔جموں میں قیام کے دوران وہ سرحدی گولہ باری سے متاثر ہ لوگوں سے ملاقات کریں ،یہاں بھی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور نامہ نگاروں سے بات کرنے کے بعد دلی روانہ ہونگے ۔

Share This Article