کشمیری جوانوں کو فوجی گاڑیوں کے نیچے کچل کر مارڈالنا اب بھارتی جبرکا نیا ہتھیار بن چکا ہے//محمد یاسین ملک
سرینگر؍04؍جون؍ جے کے این ایس ؍ بھارت کا ظلم و جبر بے دردی کے ساتھ ہم سے ہمارے اُبھرتے ہوئے پھول چھین رہا ہے۔کشمیری جوانوں کو فوجی گاڑیوں کے نیچے کچل کر مارڈالنا اب بھارتی جبرکا نیا ہتھیار بن چکا ہے۔ ان باتوں کا اظہار جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین جناب محمد یاسین ملک نے ڈلگیٹ میں حال ہی میں شہید کئے گئے معصوم یتیم شہید قیصر امین کے غم زدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین جناب محمد یاسین ملک دوسرے قائدین بشمول بشیر احمد کشمیری و الطاف خان کے ہمراہ ڈلگیٹ پہنچے جہاں انہوں نے معصوم شہید قیصر امین کے غم زدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ یاسین صاحب اس موقع پر شہید کی معصوم بہنوں جو اپنے بھائی کی جدائی میں نڈھال ہیں سے بھی ملاقی ہوئے اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر شہید قیصر کے غم زدہ لواحقین اور تعزیت داروں سے بات کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ فوجی اور فورسزگاڑیوں کے نیچے لاکر کچل دینا اب بھارت کا کشمیر میں نیا ہتھیار بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشک آور گیس کے شیل، گولیاں اور پیلٹ سے کشمیریوں کو تہہ تیغ کردینے کے بعد اب بھارتی استعمار نے کشمیری معصومین کو اپنی آرمڈ گاڑیوں کی زد میں لاکر مارڈالنے کا نیا سلسلہ شروع کردیا ہے اور ایسا کرتے ہوئے یہ فورسز کوئی عار یا شرم بھی محسوس نہیں کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی جبر و ظلم اب اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے اور اس ظلم و جبر اور سفاکانہ قتل عام کی براہ راست ذمہ داری یہاں کے بھارت نواز سیاست اکروں ،انکی سیاسی جماعتوں اور خاص طور پر پی ڈی پی پی کی سربراہی میں قائم نام نہاد حکومت کے سر عائد ہوتی ہے جنہوں نے قاتل فورسز کو بے لگام چھوڑ کر انہیں قانونی جواز فراہم کیا ہوا ہے اور مواخذے سے استثناء دے کر ان کی سفاکیت کو مذید بڑھارہے ہیں۔فرنٹ قائدین نے کہا کہ معصوم شہید قیصر امین ایک یتیم اور اپنے کنبے کے واحد کفیل تھے جو اپنے پیچھے دو معصوم بہنوں کو غم و اندوہ میں نڈھال چھوڑ گئے ہیں۔ فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ ہزاروں کشمیری پیر و جوان بھارت اور جموں کشمیر کی مختلف جیلوں کے اندر مقید ہیں۔ جوانوں کو ٹارچر، تعذیب ، ظلم و جور کا نشانہ بنا کر پشت بہ دیوار کیا جارہا ہے جبکہ ماہ رمضان کے مقدس ایام میں پورے کشمیر میں شبانے چھاپے، گرفتاریاں، چادر اور چار دیواری کی بے حرمتی پولیس اور فورسز کا معمول بن چکا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ شہید قیصر امین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے فرنٹ چیئرمین نے ان کے غم ذدہ لواحقین کیلئے بھی صبر جمیل و جزیل کی دعائیں کیں۔
لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کا ڈلگیٹ دورہ؛ قیصر امین کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا

