سرینگر؍یکم جنوری ؍ جے کے این ایس؍ ہانجن راجپورہ پلوامہ میں عسکریت پسندوں نے ایس پی او پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق پلوامہ کے ہانجن راجپورہ علاقے میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں نے ایس پی او سمیر احمد پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گر پڑا۔ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی پولیس اہلکار کو اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔ پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ہانجن راجپورہ پلوامہ میں جنگجوؤں نے ایک ایس پی او کے رہائشی مکان میں گھس کر اُس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔

