کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ،کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے / عمران خان

سرینگر/05جنوری: کشمیر کو ایک مرتبہ پھر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت قرار دیتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس جنت نظری وادی کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق 70ویں کشمیری یوم حق خود ارادیت کے دن پر اپنے پیغام میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے اور ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور بین الاقوامی اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کراتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری جس بہادری اور عزم کے ساتھ قابض افواج کا جواں مردی سے مقابلہ کر رہے ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کشمیری نوجوان کشمیر کی تاریخ میں نیا باب رقم کر رہے ہیں، تحریک آزادی کے نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے بعد کشمیریوں کے لئے ایک مثال بن گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ کشمیریوں میں ایک نیا ولولہ اور روح پیدا ہوئی ہے ۔عمران خان نے کہا کہ پرامن احتجاج کشمیریوں کی خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ فورسز سے آزادی چاہتے ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر خوشی اور غم میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیر کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لے مختلف ممالک میں وفود بھیجے اور میں نے خود بھی کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کشمیر کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے اور حق اور سچ کی آواز گولیوں سے نہیں دبائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اور کون نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوگا۔

Share This Article