سرینگر:سب ضلع اسپتال پٹن میں منگلوار کی صبح اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب اسپتا ل تعینات ”الیکٹریشن عارضی ملازم “ کی نعش پُراسرار حالت میں برآمد کی گئی ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے موت کی وجوہات جاننے کےلئے تحقیقات شروع کردی ۔اس دوران جونہی مذکورہ غریب عارضی ملازم کی میت آبائی گاﺅں واقع کے پی بالا پہنچائی گئی ،تو وہاں صف ماتم اور کہرام مچ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سب ضلع اسپتال پٹن میں27سالہ ڈیلی ویجر الیکٹرشن ملازم گلزار احمد صوفی ولد علی محمد ساکنہ کے پی بالا کی نعش پُراسرار حالت میں برآمد کی گئی ۔بتایا جاتا ہے کہ گلزار احمد رات کی ڈیوٹی پر یہاں تعینات تھا اور منگل کی صبح اُسکی نعش پُراسرار حالت میں برآمد کی گئی ۔
اس دوران اسپتال میں عارضی ملازم می پُراسرار حالت میں نعش برآمد ہونے سے کافی سراسیمگی پھیل گئی ۔اس موقع پر پولیس کو مطلع کیا گیا ،اور پٹن پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر یہاں پہنچ گئی ،جس نے عارضی ملازم کی نعش اپنی تحویل میں لی ۔
ابتداتی غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق عارضی ملازم کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے ۔ تاہم پولیس نے موت کی وجوہات جاننے کےلئے کیس درج کرکے تحقیقاتی عمل شروع کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گلزار احمد کی موت کے حقائق جاننے کےلئے اُس کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا اور قانونی وطبی لوازمات کے بعد نعش کو ورثاں کے سپرد کردیا گیا ۔
ادھر جونہی مذکورہ غریب عارضی ملازم کی میت آبائی گاﺅں واقع کے پی بالا پہنچائی گئی ،تو وہاں صف ماتم اور کہرام مچ گیا۔رپورٹس کے مطابق بعد ازاں گلزار کی میت کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔

