سرینگر؍16 دسمبر:نیشنل کانفرنس نے پلوامہ ہلاکتوں پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے یوتھ ضلع صدر پلوامہ اور سنیئر لیڈر جاوید رحیم بٹ نے کہا کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں پر جس قدر مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ یہ ایک انسانیت سوز فعل ہے۔جاوید رحیم بٹ نے پلوامہ فائرنگ میں مرحومین کے جملہ سوگواراں اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ جان بحق ہوئے شہریوں کو اللہ تعالٰی جنت عطاکرے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ امن پسند رہے ہیں اور تشدد کے خلاف جبکہ عدم تشددکے حامی رہیں ہیں جاوید رحیم بٹ نے کشمیر میں مکمل امن لوٹ آنے کی واحد صورت یہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان مل کر کشمیر کے سیاسی مسئلہ کو حل کر یں تاکہ بر صغیر میں امن کی فضا قائم دائم ہوسکے انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے آئے دن خونین واقعات معمول بن گیا ہے جو ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور اس کی پرْ خلوص قیادت ہمیشہ اس بات پر چٹان کی طرح قائم ہے کہ ریاست میں کوئی بھی شہری۔ پولیس اہلکار۔یا کسی بھی بندوق بردار کو نہ مارا جائے۔انہوں نے پلوامہ میں عام شہریوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے،تاکہ آیندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔
