حکومت ہندوستان نعیم اختر کے جیش محمد سے متعلق بیان کی وضاحت کرے: عمر عبداللہ

سری نگر،:نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے محبوبہ مفتی کی قیادت والی جموں وکشمیر حکومت کے ترجمان و سینئر وزیر نعیم اختر کے بیان کہ ’چین نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی جنگجو تنظیم جیش محمد کو اپنا لیا ہے‘ پر مرکزی حکومت سے وضاحت مانگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے جیش محمد کو اپنا لینے کی بات وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے قریبی ساتھی کی طرف سے سامنے آئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حکومتی ترجمان اور ریاستی وزیر نعیم اختر نے روزنامہ انڈین ایکسپریس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ چین جموں وکشمیر میں اپنے کردار میں توسیع کررہا ہے اور اس نے جیش محمد کو اپنا لیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے ’چین کشمیر میں ایک بڑا کردار ادا کرنے کی راہ پر گامزن ہے اور اس نے جیش محمد کو یقینا اپنالیا ہے‘۔ نعیم اختر نے کہا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ چین اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی بھارتی قرارداد پر بار بار روک لگا رہا ہے۔

بقول ان کے ’پاکستان اور چین الگ نہیں ہیں‘۔ عمر عبداللہ جو کہ ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ ہیں، نے مسٹر اختر کے بیان کے ردعمل میں منگل کو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’چین نے جموں وکشمیر میں سرگرم جنگجو تنظیم جیش محمد کو اپنا لیا ہے۔ محبوبہ مفتی کے ایک قریبی ساتھی کے اس دعوے کو محض قیاس آرائی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ حکومت ہندوستان کو بیان کی بنیاد پر وضاحت کرنی چاہیے‘۔ یو اےن آئی

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے