جموں:فوج نے جموں میں بین الاقوامی سرحد کے آر ایس پورہ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور ایک درانداز کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ فوج کا یہ دعویٰ پاکستانی فائرنگ میں ایک بی ایس ایف اہلکار کے جاں بحق ہونے کے محض بارہ گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔
دفاعی ترجمان نے بتایا ’جمعرات کی صبح قریب پانچ بجکر 45 منٹ پر شدید دھند کے باوجود آر ایس پورہ میں تعینات ہمارے فوجیوں نے دراندازی کی ایک کوشش ناکام بنادی‘۔ انہوں نے بتایا کہ ایک درانداز کو صبح کے قریب ساتھ بجے ہلاک کیا گیا جبکہ پورے علاقہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر بدھ کے روز پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں مغربی بنگال کے ہاپرا سے تعلق رکھنے والا 51 سالہ بی ایس ایف ہیڈکانسٹیبل آر پی ہازرہ شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایا ’اگرچہ اسے فوری طور پر ضلع اسپتال سانبہ منتقل کیا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قرار دیا‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ’قریب شام کے 4 بجکر35 منٹ پر پاکستانی چوکی جوگر حیدر میں تعینات پاکستان 80 چناب رینجرز نے سانبہ سیکٹر کے ڈلما چک میں تعینات بی ایس ایف 173 بٹالین کو نشانہ بناکر شدید اور بلااشتعال فائرنگ کی‘۔ یو اےن آئی

