بارشوں کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں آئی کمی ،کشمیر وادی میں موسمی تبدیلی کا امکان نہیں
سرینگر،جموں:۹،جون:/ آئندہ چند روز میں وادی کشمیر میں موسمی تبدیلی کا امکان بہت کم ہے ،تاہم اہلیان جموں کو شدت کی گرمی سے ملی راحت ،کیونکہ بارشوں کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں گراؤٹ ریکارڈ کی گئی ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق وادی کشمیر میں جاری گرمی کی شدت کے بیچ اہلیان جموں کو شدید گرمی سے کسی حد راحت ملی ۔اس سلسلے میں ملی تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی صبح جب اہلیان جموں نیند سے بیدا ر ہوئے ،تو انہوں نے خوشگوار موسم کا سامنا کیا کیو نکہ شبانہ بارشوں کے باعث جہاں جموں میں موسم خوشگوار ہوا ،وہیں رات کے درجہ حرارت میں یکا یک کمی ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرمائی درالحکومت جموں میں رات کا درجہ حرارت 25.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ رات یہ درجہ حرارت30ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق درجہ حرارت میں آئی گراؤٹ کی بنیادی وجہ شبانہ بارشیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے نتیجے میں جموں میں 4ڈگری رات کا درجہ حرارت کم ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جموں میں جمعہ کو مطلع ابر وآلود رہا جس دوران یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت40.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا جوکہ رواں گرما سیزن میں 1.2ناٹس زیادہ ہے ۔محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں کے دوران جموں میں مزید بارشوں کی بھی پیش گوئی کی ہے ۔کٹرا میں کم ازکم درجہ حرارت22.4ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ رات یہ درجہ حرارت27.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ کٹرا میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت36ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ادھر سرینگر میں مقیم محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں موسمی تبدیلی کے امکان بہت کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ روز کے دوران موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے ۔ان کا کہناتھا کہ آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کا امکان کم ہے البتہ دھوپ چھاؤں کا کھیل جاری رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق آئندہ چند روز میں درجہ حرارت میں بھی کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور درجہ حرارت33اور34ڈگری کے آس پاس رہنے کا امکان ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات صرف موسمی پیش گوئی کرتا ہے ۔

