بہت کچھ کرلیا اب ہم کسی کے لیے نہیں لڑیں گے،ملکی خودمختاری اور عزت پرسمجھوتہ نہیں کریں گے
سرینگر /04 جون / لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو بھارت ہماری کمزوری نہ سمجھے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 2018 میں 1 ہزار 77 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں اور 48 پاکستانیوں کو شہید کیا، بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابیاں جاری رہیں تاہم فوج کے کامیاب آپریشنز سے ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں رہے، 2017 میں بھارت کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں میں تیزی رہی جب کہ اس سال ہمارے فوجیوں کی 250سے زائد ہلاکیں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا اور اس سال بھی 25 دسمبر کو جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، یہ سب پروپیگنڈا ہے جو کہ کشمیر میں آزادی کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ امریکا نے بھی پچھلے دنوں ہمیں دھمکیاں دیں، ہم پیسے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کر رہے، بہت کچھ کر لیا اب ہم کسی کے لیے نہیں لڑیں گے، امریکا کو واضح بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم دوستوں سے لڑانہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکاکی طرف سے ہمیں جو بھی رقم ملی وہ اخراجات کی مد میں ملی، ہم اپنی ملکی خودمختاری اور عزت پرسمجھوتہ نہیں کریں گے، ملک پر منڈلاتے خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواج پاکستان کی ذمیداری سی پیک کو تحفظ فراہم کرنا ہے اور سی پیک کی سلامتی کو خطرات لاحق نہیں ہوں گے، کلبھوشن کے حوالے سے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کلبھوشن کے معاملے پر کوئی کمپرومائز نہیں کیاجائے گا، کلبھوشن کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی، اس حوالے سے ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا جب کہ ملاقات سے کیس پر کوئی اثرنہیں پڑے گا۔

