دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد عام آدمی کا اپنی مرضی سے جینا سب سے بڑی تبدیلی: منوج سنہا

By
2 Min Read
Disclosure: This website may contain affiliate links, which means I may earn a commission if you click on the link and make a purchase. I only recommend products or services that I personally use and believe will add value to my readers. Your support is appreciated!

سری نگر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا کے کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں و کشمیر میں امن کا ماحول سایہ فگن ہوا ہے اور سب سے بڑی تبدیلی یہ ہوئی ہے کہ اب عام آدمی اپنی مرضی سے جی رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر تشدد ختم ہوا ہے اور تعلیمی اداروں کے بند ہونے کا دور بھی خاتمہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز کے بعد جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے خوابوں کو پر لگ گئے ہیں۔

موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا: ‘دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد سب سے بڑا بدلائو یہ ہوا ہے کہ جموں و کشمیر میں عام آدمی اپنی مرضی سے جی رہا ہے سڑکوں پر تشدد ختم ہوا ہے، اسکولوں اور کالجوں کے بند ہونے کے دور کا خاتمہ ہوا ہے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘اندھیرا ہوتے ہی لوگ گھروں کو چلے جاتے تھے لیکن آج رات دیر گئے تک پولیو ویو مارکیٹ کھلا رہتا ہے’۔

منوج سنہا نے کہا کہ لمبے عرصے کے بعد جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے خوابوں کو پر لگنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا: ‘مشن یوتھ پروگرام کے تحت جموں وکشمیر انتظامیہ نے ممبئی سٹاک ایکسچینج کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کا موقع ملے’۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں آج سینکڑوں نوجوان اپنا مستقبل بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کئے ہیں۔

یو این آئی۔

Share This Article