سری نگر:جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت‘ کے خلاف کرنی سینا کے تشدد کے ردعمل میں سوالیہ انداز میں کہا ہے کہ ’کرنسی سینا کے غندوں کو جیپ کے بونٹ سے باندھ کر اسکول بسوں اور سینما ہالوں کے سامنے پریڈ کیوں نہیں کرایا جاتا؟‘۔
انہوں نے کہا ’کیا یہ بھیڑ کو کنٹرول کرنے کا ایک بہترین طریقہ نہیں ہے؟‘۔ عمر عبداللہ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے رہائشی فاروق احمد ڈار کے ساتھ پیش آئے واقعہ کی طرف اشارہ کررہے تھے۔
فاروق ڈار کو فوجی میجر لیٹول گوگوئی نے گذشتہ برس (2017 ء) کے 9 اپریل کو اپنی جیپ کے بونٹ سے باندھ کر کم از کم دس گاو¿ں گھمایا تھا۔
فوج اور مرکزی لیڈران نے تب میجر گوگوئی کی بڑی سراہنا کرتے ہوئے کہا تھا کہ میجر موصوف نے حاضر دماغی سے کام لیا اور جانی نقصان کو ٹال دیا۔ عمر عبداللہ جوکہ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر بھی ہیں، نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’کرنسی سینا کے غنڈوں کو جیپ کے بونٹ سے باندھ کر اسکول بسوں اور سینما ہالوں کے سامنے پریڈ کیوں نہیں کرائی جاتی؟ کیا یہ بھیڑ کو کنٹرول کرنے کا ایک بہترین طریقہ نہیں ہے؟‘

