سرینگر:چندوسہ بارہمولہ میں ایک اے ٹی ایم گارڈ کی بندوق سے حادثاتی طور گولی چلنے کے نتیجے میں دو لڑکیوں سمیت3افراد زخمی ہوئے جو رقم حاصل کرنے کےلئے اے ٹی ایم پر موجود تھے۔ بارہمولہ بابا ریشی روڑ پر واقع چندوسہ علاقے میں بدھ کی دوپہر اُس وقت سراسمیگی پھیل گئی جب لوگوں نے جموں کشمیر بنک کے اے ٹی ایم کے نزدیک گولی چلنے کی آواز سنی۔
افراتفری کے عالم میں نزدیکی دکاندار اور راہگیراے ٹی ایم کی طرف دوڑ پڑے جہاں3افراد زخمی حالت میں تھے ۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم بھی وہاں نمودار ہوئی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی چھان بین کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ اے ٹی ایم کی محافظت پر مامور سیکورٹی گارڈ خورشید احمد پٹھان کی12بور رائفل سے اچانک گولی چلی ۔پولیس کے مطابق جس وقت یہ واردات پیش آئی ، اس وقت 3افراد اے ٹی ایم سے رقم حاصل کرنے کےلئے اپنی باری کا انتظار کررہے تھے جن میں ایک دوشیزہ اور ایک نو عمر لڑکی بھی شامل تھی۔
پولیس نے بتایا کہ بندوق سے حادثاتی طورنکلے کارتوس کے آہنی ریزوں کی زد میں آکر یہ تینوں زخمی ہوگئے۔ کے ایم این نمائندے کے مطابق زخمیوں کے نام حاذق احمد خان ولد رفیق احمد ساکن کاﺅہار، راشن بانو دختر محمد یوسف خان ساکن شملرن اور نوعمر لڑکی زاہدہ بانو دختر محمد صدیق ساکن کاﺅہار بارہمولہ کے بطور معلوم ہوئے ہیںاور پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ نمائندے نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔دوسری جانب پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے جس کے ابتدائی مرحلے میں اے ٹی ایم گارڈ سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔کے ایم این

