نئی دہلی، 20 جنوری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ 2014 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اقتدار میں آتے ہی ملک میں حالات مکمل طور پر بدل گئے ۔ مسٹر مودی نے کل دیر شام ایک پرائیویٹ نیوز چینل کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ "2014 سے پہلے دنیا یہ نہیں دیکھتی تھی کہ ہندوستان کیا کہتا ہے ۔لیکن 2014 میں جب ہم اقتدار میں آئے تو حالات مکمل طور پر بدل گئے ۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ہندوستان میں 30 سال بعد مکمل اکثریت والی حکومت آئی ہے جو کہ دنیا میں ایک بہت بڑی اہمیت رکھتی ہے ۔ یہ پہلے دن سے ہی نظر آرہاہے ۔جب سے ہماری حکومت آئی، ہندوستان گھر میں اچھا کر رہا ہے ، اس لئے دنیا اسے قبول کر رہی ہے "۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت اقتدار میں آنے کے پہلے دن سے ہی گڈ گورننس اور شفافیت پر زیادہ توجہ دینا شروع کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ "جب دنیا ہندوستان کو "ایز آف ڈوئنگ بزنس” میں 142 سے 100 رینک پر دیکھتی ہے ، تو یہ ان کے لئے بڑی بات ہے ۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے لئے 125 کروڑ ہندوستانیوں کی آواز سننا ضروری ہے "۔ یہ پوچھنے پر کہ روزگار کی فراہمی میں ناکام رہنے کے لئے ان کی حکومت کی خاصی تنقید ہو رہی ہے ، مسٹر مودی نے کہا کہ "گزشتہ ایک سال میں منظم شعبے میں 70 لاکھ ملازمین کے پی ایف اکا¶نٹ کھلے ہیں۔ ایک سال میں 10 کروڑ لوگوں نے کرنسی اسکیم کا فائدہ لیا ہے "۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ دفاتر کے باہر دکان لگانے والے افراد کی کمائی کو ہم روزگار میں شامل نہیں کر رہے ہیں۔ وہ کسی بھی اعداد و شمار میں شامل نہیں ہوتے ہیں”۔یو این آئی
