سرینگر:سویڈن کا ایک25سالہ اسکیئرگلمرگ کی برف پوش افروٹ پہاڑیوں میں اسکینگ کے دوران برفانی تودے کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گیا جبکہ اس کا ایک اورساتھی معجزاتی طور بچ گیا۔
سویڈن سے تعلق رکھنے والا25سالہ ڈینیل اور اس کا ہم وطن بینجمن اسبرس گلمرگ میں افروٹ پہاڑیوں کے درمیان اسکینگ میں مصروف تھے کہ اس دوران نزدیکی پہاڑی سے بھاری بھرکم برفانی تودہ گر آیا۔
نمائندے نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کی صبح گنڈولا کیبل کار پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے نزدیک پیش آیاجس کے نتیجے میں ڈینیل برف کی بھاری مقدارتلے زندہ دب گیا، تاہم اس کا ساتھی کچھ ہی دوری پر ہونے کی وجہ سے اس کی زد میں آنے سے بال بال بچ گیا۔
اسی اثناءمیں محکمہ سیاحت کے اسکی پیٹرول سے وابستہ ٹیم علاقے میں نمودار ہوئی جبکہ پولیس کی ایک پارٹی بھی جائے واردات پر پہنچ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کافی مشقت کے بعد ڈینیل کو برف کے نیچے سے برآمد کیا گیا لیکن وہ دم توڑ چکا تھا۔
بچاﺅاہلکاروں نے کسی اور کے برف تلے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر کافی دیر تک برف ہٹانے کا کام جاری رکھا۔اس دوران آس پاس کے علاقوں میں ڈینیل کے ساتھی کو تلاش کیا گیا اور بالآخر بچاﺅ اہلکار اسے زندہ برآمد کرکے بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ اسے طبی امداد کےلئے فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں غیر ملکی سیاح کچھ عرصے سے گلمرگ میں اسکینگ کا مزہ لے رہے تھے۔ واضح رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے وادی کے متعدد بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرآنے کی وارننگ جاری کر رکھی ہے۔

